وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ریسرچ اینڈ ایڈوانسمنٹ لیب کا دورہ

وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے فیکلٹی آف کمپیوٹنگ میں قائم آرٹیفیشل انٹیلی جنس ریسرچ اینڈ ایڈوانسمنٹ لیب کا دورہ کیا اور اساتذہ اور طلباء وطالبات کی تحقیقی سرگرمیوں اور کارکردگی کا جائزہ لیا

بھاول پورور۔ 17 جون (اے پی پی):وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران نے فیکلٹی آف کمپیوٹنگ میں قائم آرٹیفیشل انٹیلی جنس ریسرچ اینڈ ایڈوانسمنٹ لیب کا دورہ کیا اور اساتذہ اور طلباء وطالبات کی تحقیقی سرگرمیوں اور کارکردگی کا جائزہ لیا ۔ حال ہی میں کور کمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل محمد عقیل ہلال امتیاز ملٹری نے اس لیب کا افتتاح کیا تھا اور جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لیے یونیورسٹی کے عزم کو قابل ستائش اور اسٹریٹجک طور پر اہم کوشش قرار دیا تھا ۔ یہ لیب بہاولپور گیریژن کے فعال تعاون سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کے وژن کے تحت قائم کی گئی ہے۔ تعلیمی عزائم اور دفاعی ضروریات کی ہم آہنگی کی عکاسی کرتے ہوئے یہ لیب تحقیق اور ترقی کے شعبے میں سول ملٹری تعاون کے ماڈل کی نمائندگی کرتی ہے۔ یونیورسٹی کے اساتذہ کے مطابق اے آئی ریسرچ اینڈ ایڈوانسمنٹ لیب معرکہ حق کے عنوان سے ایک وسیع تر اسٹریٹجک اقدام کے ساتھ منسلک ہے جو اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو قومی دفاعی ضروریات کو پورا کرنے اور پاکستان کی تکنیکی اور اقتصادی بنیادوں کو مضبوط کرنے کے لیے پرعزم اور مستقبل کے حوالے سے ابھرتے ہوے ادارے کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس لیبارٹری کا مقصد جدید تحقیق اور ترقی ٹیلنٹ کو پروان چڑھانے اور طلباءوطالبات کو جدید آلات سے مربوط کرنا ہے۔ یہ جدید ترین لیب پروفیسر ڈاکٹر ناجیہ سحر چیئرپرسن شعبہ آرٹیفیشل اینٹیلیجنس کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے اور ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ پروفیسر ڈاکٹر دوست محمد اور ڈائریکٹر آئی ٹی ڈاکٹر فیصل شہزاد اور فیکلٹی ممبران کا تعاون حاصل ہے