شہدادپور میں 150 سے زائد خصوصی افراد میں معاون آلات کی تقسیم

سندھ گرین فاؤنڈیشن (ایس جی ایف)کے زیر اہتمام اور محکمہ برائے بااختیار افرادِ معذوری حکومت سندھ کے اشتراک سےضلع سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور میں خصوصی افراد کے لیے معاون آلات کی تقسیم کی ایک تقریب منعقد کی گئی

حیدرآباد۔ 17 جون (اے پی پی):سندھ گرین فاؤنڈیشن (ایس جی ایف)کے زیر اہتمام اور محکمہ برائے بااختیار افرادِ معذوری حکومت سندھ کے اشتراک سےضلع سانگھڑ کی تحصیل شہدادپور میں خصوصی افراد کے لیے معاون آلات کی تقسیم کی ایک تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کے دوران 150 سے زائد خصوصی افراد میں وہیل چیئرز، ٹرائی سائیکل، سماعتی آلات، بیساکھیاں، کہنی کی لاٹھیاں اور واکرز تقسیم کیے گئے۔ ان آلات کا مقصد خصوصی افراد کی نقل و حرکت، خودمختاری اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شہدادپور قمرالدین راہپوٹو، پیپلز پارٹی ضلع سانگھڑ کے رہنما شیر محمد ڈیرو، ریجنل ڈائریکٹر ڈی ای پی ڈی نثار احمد بروہی، چیف میونسپل آفیسر سانگھڑ عبدالحفیظ جمالی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شفقت سولنگی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر زاہد رند، محکمہ ترقی خواتین کے نمائندے ساجد صدر، اور سندھ گرین فاؤنڈیشن کے بانی نور محمد منگی سمیت سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں نے شرکت کی۔ مقررین نے اس موقع پر خصوصی افراد کی فلاح، بحالی، بااختیاری اور معاشرتی شمولیت کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ معاشرے میں مساوی مواقع، رسائی اور باوقار زندگی کی فراہمی کے لیے اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے سندھ گرین فاؤنڈیشن اور ڈی ای پی ڈی کی کاوشوں کو سراہا اور ایسے اقدامات کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ خصوصی افراد کو مزید سہولیات اور معاونت فراہم کی جا سکے۔