چیف ایگزیکٹو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بہاولپور شہر کی مختلف امام بارگاہوں، مجالسِ عزا کے مقامات اور جلوس روٹس کا دورہ کیا
محمد نعیم اختر کا بہاولپور شہر کی مختلف امام بارگاہوں، مجالسِ عزا کے مقامات اور جلوس روٹس کا دورہ

مزید خبریں
بہاول پور۔ 17 جون (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر نے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے بہاولپور شہر کی مختلف امام بارگاہوں، مجالسِ عزا کے مقامات اور جلوس روٹس کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے مرکزی شیعہ مسجد، آستانہ ممتاز نقوی (شیشے والی گلی)، امام بارگاہ دربار حسینیت، حسینی چوک اور سیٹلائٹ ٹاؤن میں واقع امام بارگاہ درِ بتول کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے امام بارگاہوں کے لائسنس داران اور منتظمین سے ملاقات کی اور محرم الحرام کے دوران درکار صفائی و ستھرائی کی خدمات اور انتظامات کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔محمد نعیم اختر نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں بہاولپور میں محرم الحرام کے دوران صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے کمپنی نے اپنے آپریشنل پلان پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام امام بارگاہوں، مجالسِ عزا کے مقامات اور جلوس روٹس پر خصوصی صفائی اور دھلائی کے انتظامات کیے جائیں گے تاکہ عزاداران کو صاف اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔ مزید برآں قبرستانوں میں بھی خصوصی صفائی مہم جاری رکھی جائے گی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر نے آپریشن ونگ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوس روٹس پر موجود کوڑا کرکٹ، عمارتی ملبہ اور دیگر رکاوٹوں کو فوری طور پر مکمل طور پر تلف کیا جائے تاکہ عزاداری کے اجتماعات اور جلوسوں کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بہاولپور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداران کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔








