شدیدآندھی/جھکڑ چلنے ، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور ڈھانچوںکو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ

محکمہ موسمیات نےانتباہ جاری کیا ہے کہ شدیدآندھی/جھکڑ چلنے ، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور ڈھانچوں (سولر پینلز ،بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نےانتباہ جاری کیا ہے کہ شدیدآندھی/جھکڑ چلنے ، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور ڈھانچوں (سولر پینلز ،بجلی کے کھمبے، بل بورڈز وغیرہ) کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں پر موجود ہے۔بحیرۂ عرب سے مرطوب ہوائیں ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ مغربی بلوچستان اور ملحقہ علاقوں پر موسمی کم دباؤ موجود ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، کشمیر،اسلام آباد،جنوبی پنجاب، بالائی سندھ اور شمال/شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش/ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران شمال مشرق بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز بارش بھی متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔(کل )جمعرات کو خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، پنجاب،اسلام آباد، بالائی سندھ اور شمال/شمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں/آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش/ژالہ باری کا امکان ہے۔

اس دوران شمال مشرق بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر تیز بارش بھی متوقع ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں تیزہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہوئی جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہا۔سب سے زیادہ بارش خیبر پختونخوامیں مالم جبہ 38، دیر 24، پاراچنار 20، سیدو شریف 08، بالاکوٹ 06، کاکول 05، پٹن 04، کالام 02، بلوچستان میں ژوب 17، کشمیر میں مظفرآباد (ایئرپورٹ 08، سٹی 05)، گڑھی دوپٹہ 01، پنجاب: ڈی جی خان، خانپور میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ بدھ کو ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین46،سبی45 اور لاڑکانہ میں 44ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں