راولپنڈی ریجن میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے تحت بڑے پیمانے پر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے
راولپنڈی ریجن میں محرم الحرام کے فول پروف سکیورٹی انتظامات مکمل، 14 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

مزید خبریں
راولپنڈی۔17جون (اے پی پی):راولپنڈی ریجن میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جس کے تحت بڑے پیمانے پر سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔آر پی او راولپنڈی ریجن بابر سرفراز الپا کے مطابق یکم محرم سے 30 محرم الحرام تک ریجن میں مجموعی طور پر 4813 مجالس اور 1065 جلوس منعقد ہوں گے جبکہ صرف 10 محرم تک 4376 مجالس اور 759 جلوسوں کا انعقاد متوقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ محرم الحرام کے دوران 14 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ریجنل اور ضلعی سطح پر نگرانی اور معلومات کے تبادلے کے لیے خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔آر پی او نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام افسران کو حساس مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کی مؤثر نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سیف سٹی کیمروں، سرچ، سویپ اور کومبنگ آپریشنز کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے جبکہ سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت اور اشتعال انگیز مواد پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ٹریفک انتظامات کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے دوران متبادل ٹریفک پلان ترتیب دیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کے ساتھ مکمل کوآرڈینیشن کے ذریعے امن و امان کو یقینی بنایا جائے گا۔








