ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین سفارتکاری اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا میں اپنا مقام ثابت کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک معاشی محاذ پر بھی بھرپور پیشرفت کرے۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس
پاکستان نے بہترین سفارتکاری اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا میں اپنا مقام ثابت کیا ہے، فاروق ستار

مزید خبریں
اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ پاکستان نے بہترین سفارتکاری اور مضبوط دفاعی صلاحیتوں کے ذریعے دنیا میں اپنا مقام ثابت کیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ملک معاشی محاذ پر بھی بھرپور پیشرفت کرے۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ وہ ایک امن پسند قوم ہے اور کسی جنگ کا حصہ بننا نہیں چاہتا۔ انہوں نے کہا کہ جنگیں مسائل کا حل نہیں ہوتیں ، پاکستان نے ہمیشہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے لئے مثبت کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی اور استحکام کے لئے معاشی اصلاحات ناگزیر ہیں، اگر ضروری اصلاحات اور مشکل فیصلے نہ کئے گئے تو بین الاقوامی مالیاتی ادارے کے اہداف حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اب "معاشی جنگ” لڑنا ہوگی اور معاشی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانا ہوگا۔کراچی کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کراچی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے جو قومی ریونیو کا تقریباً 60 فیصد اور برآمدات کا 40 فیصد فراہم کرتا ہے لیکن اس کے باوجود شہر کو اس کا جائز حق نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا انفراسٹرکچر خستہ حالی کا شکار ہے، گیس لوڈشیڈنگ کا مسئلہ برقرار ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں تاکہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔








