لاہور ہائیکورٹ،اہلیہ کے قتل میں نامزد شوہر کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج

لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اہلیہ کے قتل کے مقدمے میں نامزد شوہر کی سزائے موت کو برقرار رکھتے ہوئے مجرم کی اپیل خارج کردی

لاہور۔17جون (اے پی پی):لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے اہلیہ کے قتل کے مقدمے میں نامزد شوہر کی سزائے موت کو برقرار رکھتے ہوئے مجرم کی اپیل خارج کردی۔چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مجرم عبد القیوم کی اپیل پر فیصلہ سنایا۔ مجرم کے خلاف تھانہ جڑانوالہ پولیس نے 2018 میں مقدمہ درج کیا۔پراسکیوشن کی جانب سے رانا احسن عزیز نے دلائل دئیے ۔ پراسکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ مجرم نے اپنی اہلیہ غلام فاطمہ کو گھریلو لڑائی جھگڑے پر قتل کیا ،مجرم نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کے برعکس سزا سنائی ہے عدالت رہا کرنے کا حکم دے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد مجرم عبد القیوم کی سزائے موت کو بحال رکھا اور اپیل خارج کردی۔

مزید خبریں