پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے ترجمان کے مطابق ایبٹ آباد میں جاری 9ویں پی بی سی سی ٹی-20 بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ کے تیسرے روز کھیلے گئے پانچویں میچ میں خیبرپختونخواہ نے سندھ کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا
پی بی سی سی ٹی-20 بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ میں خیبرپختونخواہ نے سندھ کو شکست دے دی،پنجاب ، بلوچستان کا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

مزید خبریں
لاہور۔17جون (اے پی پی):پاکستان بلائینڈ کرکٹ کونسل کے ترجمان کے مطابق ایبٹ آباد میں جاری 9ویں پی بی سی سی ٹی-20 بلائنڈ کرکٹ سپر لیگ کے تیسرے روز کھیلے گئے پانچویں میچ میں خیبرپختونخواہ نے سندھ کو 55 رنز سے شکست دے دی۔ سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم خیبرپختونخوا ہ نے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنائے۔ بدر منیر (بی ٹو) نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 67 گیندوں پر ناقابل شکست 147 رنز بنائے، جس میں 19 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔ اکمل حیات ناصر (بی تھری) نے 57 گیندوں پر 77 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 268 رنز جوڑے۔جواب میں سندھ کی ٹیم نے بھرپور مزاحمت کی لیکن 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز ہی بنا سکی۔ محمد صفدر (بی تھری) نے 37 گیندوں پر 84 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ ظفر اقبال (بی ون) 52 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ خیبرپختونخواہ کی جانب سے محمد ادریس سلیم (بی ون) نے 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ جنید خان (بی ون) نے 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔
ثنا اللہ (بی تھری) نے بھی ایک وکٹ اپنے نام کی۔ بدر منیر کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔دن کے دوسرے میچ میں پنجاب اور بلوچستان کے درمیان مقابلہ بارش کے باعث بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ بلوچستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پنجاب نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 203 رنز بنائے۔ نثار علی (بی ٹو) نے 58 گیندوں پر ناقابل شکست 80 رنز اسکور کیے جبکہ مطیع اللہ (بی تھری) نے 32 گیندوں پر 63 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ فصیح اللہ (بی تھری) نے بھی 21 رنز کی اہم شراکت کی۔ بلوچستان کی جانب سے محمد نعمان (بی ٹو) اور اسرار الحسن (بی ٹو) نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پنجاب کی اننگز مکمل ہوتے ہی شدید بارش شروع ہوگئی جس کے باعث بلوچستان اپنی اننگز کا آغاز نہ کر سکا۔ موسم بہتر نہ ہونے پر میچ کو منسوخ کرتے ہوئے ڈرا قرار دے دیا گیا۔








