الخدمت فاؤنڈیشن نے ضلع چترال کے مزید 15 نادار جوڑوں کی اجتماعی شادی کرادی

الخدمت فاؤنڈیشن نے خیبر پختونخوا کے انتہائی دور افتادہ ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے مزید 15 نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر کے نئے جوڑوں کو لاکھوں روپے مالیت کے روزمرہ استعمال کی اشیاء فراہم کیں

پشاور۔ 17 جون (اے پی پی):الخدمت فاؤنڈیشن نے خیبر پختونخوا کے انتہائی دور افتادہ ضلع چترال سے تعلق رکھنے والے مزید 15 نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کا اہتمام کر کے نئے جوڑوں کو لاکھوں روپے مالیت کے روزمرہ استعمال کی اشیاء فراہم کیں۔ الخدمت فاؤنڈیشن خیبر پختونخوا کے تحت اب تک آسان نکاح پراجیکٹ کے تحت نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کی سہولت سے مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد747ہوگئی۔چترال میں 15یتیم اور نادار جوڑوں کی اجتماعی شادیوں کے سلسلے میں پولو گراونڈ چترال سٹی میں جماعت اسلامی کے سابق ضلع ناظم حاجی مغفرت شاہ کی زیر صدارت ایک پروقار تقریب کااہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر سابق سینئر صوبائی وزیر اور جماعت اسلامی خیبر پختونخوا شمالی کے امیر عنایت اللہ خان مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں معروف سماجی شخصیت حاجی حکمان الدین، صدر الخدمت فاؤنڈیشن خیبرپختونخوا شمالی فضل محمود، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر وجیہ الدین، ضلعی صدر عبد الحق سمیت معززین شہر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں 15جوڑوں کے عزیز و اقارب دوست احباب پر مشتمل 300 سے زائد مہمانوں کےلئے پرتکلف دعوت ولیمہ کا اہتمام بھی کیا گیا جبکہ ہر جوڑے کو 2 لاکھ روپے مالیت کی روزمرہ استعمال کی ضروری اشیاء فراہم گی گئیں جن میں ڈبل بیڈز،واشنگ مشین، پنکھے،ڈریسنگ ٹیبل،سلائی مشین،استری، واٹر، چائے اور ڈنر سیٹ سمیت روزمرہ اشیاء کی 38 اشیاء شامل تھیں۔ اجتماعی شادیوں کی اس تقریب کے اخراجات الخدمت کے دیرینہ ڈونر حاجی حکمان الدین سمیت دیگر مخیر شخصیات نے سپانسر کئے تھے ۔اجتماعی شادیوں کی اس تقریب میں شاہی مسجد چترال کے خطیب مولانا اسرار الدین نے نئے جوڑوں کا نکاح پڑھایا۔

مزید خبریں