وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلعی انتظامیہ سبی کے تعاون سے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا
ضلعی انتظامیہ سبی کے تعاون سے سائبان واٹر چلرز کی بحالی اور بہتری کے اقدامات مکمل

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان اور چیف سیکرٹری بلوچستان کی خصوصی ہدایات کے تحت ضلعی انتظامیہ سبی کے تعاون سے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے پیش نظر عوام کو پینے کے صاف اور ٹھنڈے پانی کی فراہمی کے لیے اہم اقدام اٹھایا گیا۔اس سلسلے میں ضلع سبی کے مختلف مقامات پر سائبان کولڈ واٹر چلرز کا افتتاح کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر سبی میجر(ر) الیاس کبزئی، چیئرمین میونسپل کمیٹی سردار محمد خان خجک، اسسٹنٹ کمشنر سبی منصور علی شاہ اور سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی عبیداللہ رند نے مشترکہ طور پر کولڈ واٹر چلرز کا افتتاح کیا۔ ضلعی انتظامیہ سبی کے تعاون سے سائبان واٹر چلرز کی بحالی اور بہتری کے اقدامات مکمل کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں اور مسافروں کو صاف، ٹھنڈا اور معیاری پینے کا پانی میسر آئے گا۔ اس منصوبے کے تحت ضلع سبی کے مختلف علاقوں میں چار جبکہ ناڑی گیج کے مقام پر ایک کولڈ واٹر چلر نصب اور فعال کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سبی نے کہا کہ شدید گرمی کے موسم میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اقدامات عوامی خدمت کے جذبے کی بہترین مثال ہیں۔شہریوں اور مسافروں نے صاف اور ٹھنڈے پینے کے پانی کی فراہمی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور سائبان ویلفیئر ٹرسٹ کے اس اقدام کو سراہا۔








