سندھ زرعی یونیورسٹی اور بروک پاکستان کے درمیان جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے تعاون مزید مضبوط

سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور بروک پاکستان کے درمیان جانوروں کی فلاح و بہبود، ویٹرنری تعلیم، تحقیق اور آگاہی کے فروغ کے لیے جاری تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال سے بروک پاکستان کے نمائندوں نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مشترکہ منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا

حیدرآباد۔ 17 جون (اے پی پی):سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور بروک پاکستان کے درمیان جانوروں کی فلاح و بہبود، ویٹرنری تعلیم، تحقیق اور آگاہی کے فروغ کے لیے جاری تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال سے بروک پاکستان کے نمائندوں نے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور مشترکہ منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ملاقات کے دوران پروفیسر ڈاکٹر الطاف علی سیال نے بروک پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے جانوروں کی فلاح و بہبود، ویٹرنری تعلیم اور عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے یونیورسٹی کے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کے منصوبے جانوروں کی بہتر نگہداشت کے ساتھ طلبہ اور گریجویٹس کو عملی تربیت اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔اس موقع پر بروک پاکستان کے ریجنل مینیجر کراچی ڈاکٹر شیر نواز اور ڈاکٹر نعمت اللہ سومرو نے وائس چانسلر کو ادارے کے مشن، جانوروں کی فلاح سے متعلق سرگرمیوں اور شراکت داری کے تحت حاصل ہونے والی پیش رفت پر بریفنگ دی۔

انہوں نے گھوڑوں، گدھوں اور خچروں سمیت باربردار اور سواری میں استعمال ہونے والے جانوروں کی صحت، نگہداشت، تربیت اور آگاہی کے مختلف پروگراموں پر روشنی ڈالی۔اجلاس میں سندھ زرعی یونیورسٹی اور بروک پاکستان کے درمیان جاری پانچ سالہ تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے تحت جانوروں کی صحت اور بیماریوں پر تحقیق، ویٹرنری اور پیرا ویٹرنری عملے کی تربیت، طلبہ کے لیے انٹرن شپ پروگرامز اور جانوروں کے مالکان میں جانور دوست رویوں کے فروغ کے لیے اقدامات شامل ہیں۔ملاقات میں اس تعاون کے فوکل پرسن پروفیسر ڈاکٹر احمد نواز ٹنیو بھی موجود تھے۔ انہوں نے یونیورسٹی میں بروک کے آگاہی پیغامات، تربیتی مواد اور معلوماتی سرگرمیوں کے لیے مخصوص جگہ مختص کرنے کی تجویز پیش کی، جس کا وائس چانسلر نے خیرمقدم کرتے ہوئے باقاعدہ تجویز طلب کر لی۔اس شراکت داری کے تحت فیکلٹی آف اینیمل ہسبنڈری اینڈ ویٹرنری سائنسز میں ایک خصوصی مرکز بھی قائم کیا جائے گا، جہاں تحقیق، تربیت اور آگاہی کی سرگرمیوں کے ساتھ طلبہ کی عملی صلاحیتوں کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ یونیورسٹی کے گریجویٹس کو قومی و بین الاقوامی اداروں میں انٹرن شپ اور روزگار کے بہتر مواقع بھی میسر آئیں گے۔

 

مزید خبریں