بلوچستان ہائیکورٹ،کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی تقرری کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت،نوٹس جاری

عدالت عالیہ بلوچستان نے کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی تقرری کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جواب دہندگان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تقرری کو معطل کر دیا ہے

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):عدالت عالیہ بلوچستان نے کیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کی تقرری کے خلاف دائر آئینی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے جواب دہندگان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تقرری کو معطل کر دیا ہے۔چیف جسٹس عدالت عالیہ بلوچستان جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ولی محمد اچکزئی کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کیسکو میں سی ای او کی آسامی کے لیے اشتہار جاری کیا گیا تھا، جس کے تحت درخواست گزار نے بھی درخواست دی اور شارٹ لسٹ ہونے کے بعد انٹرویو کے لیے بلایا گیا تاہم تاحال نتائج کا اعلان نہیں کیا گیا۔درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ سابق سی ای او اور قائم مقام سی ای او کو براہ راست مستقل سی ای او تعینات کرنے کی پیشکش کی گئی

حالانکہ ریاستی ملکیتی اداروں سے متعلق قوانین اور وزارت توانائی کی ہدایات کے مطابق کم از کم تین شارٹ لسٹ امیدواروں کا پینل وفاقی حکومت کو بھجوایا جانا ضروری تھا۔ درخواست گزار نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ متعلقہ افسر کے خلاف ایف آئی اے میں انکوائری زیر التواء ہونے کے باوجود تقرری کا عمل مکمل کیا گیا۔عدالت نے ابتدائی طور پر معاملے کو قابلِ غور قرار دیتے ہوئے درخواست باقاعدہ سماعت کے لیے منظور کر لی اور تمام جواب دہندگان کو نوٹس جاری کر دیے۔ عدالت نے عبوری حکم میں قرار دیا کہ 23 جنوری 2026 کو کی گئی تقرری کی پیشکش یا اس کے نتیجے میں جاری ہونے والے کسی بھی حکم پر عملدرآمد آئندہ سماعت تک معطل رہے گا۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت گرمیوں کی عدالتی تعطیلات کے بعد مقرر کر دی ہے۔

 

مزید خبریں