کوئٹہ، صوبائی حکومت کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل اور صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے

حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل اور صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) نظرآباد، تمپ میں پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے

کوئٹہ۔ 17 جون (اے پی پی):حکومت بلوچستان کی جانب سے عوامی مسائل کے فوری حل اور صحت کی سہولیات کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے میں رورل ہیلتھ سینٹر (آر ایچ سی) نظرآباد، تمپ میں پانی کی فراہمی کے دیرینہ مسئلے کو مستقل بنیادوں پر حل کر دیا گیا ہے، جس سے ہسپتال کے عملے اور زیر علاج مریضوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوگا۔صوبائی وزیر توانائی میر اصغر رند نے عوامی مفاد کے اس اہم معاملے پر ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے

جس کے نتیجے میں آر ایچ سی نظرآباد کے لیے 200 فٹ گہرے بورنگ کے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، صوبائی وزیر کی جانب سے ہسپتال کے لیے سولر موٹر اور سولر پینلز کی فراہمی کی بھی منظوری دے دی گئی ہے، جنہیں بورنگ کا کام مکمل ہوتے ہی نصب کر دیا جائے گا تاکہ ہسپتال کو بلا تعطل پانی اور بجلی کی فراہمی ممکن ہو سکے۔پانی کے مسئلے کے حل کے ساتھ ساتھ صوبائی وزیر توانائی میر اصغر رند نے نظرآباد میں قائم مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ (MCH) سینٹر کو مکمل طور پر فعال کرنے کے لیے اس کی فوری مرمت اور بحالی کے فنڈز جاری کرنے کے احکامات بھی صادر فرمائے ہیں۔

اس اقدام سے علاقے کی ماؤں اور بچوں کو علاج معالجے کی معیاری اور جدید سہولیات مقامی سطح پر ہی میسر آئیں گی۔اس اہم منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) تمپ ڈاکٹر نوروز یعقوب نے کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہسپتال کو درپیش اس سنجیدہ مسئلے کو جامع انداز میں صوبائی وزیر کے سامنے پیش کیا اور انتھک محنت سے اس کا مستقل حل ممکن بنایا۔طویل عرصے بعد ہسپتال میں پانی کا مسئلہ حل ہونے اور ایم سی ایچ سینٹر کی بحالی کے احکامات پر اہلیانِ نظرآباد نے گہری خوشی کا اظہار کیا ہے۔ عوامی حلقوں کی جانب سے صوبائی وزیر توانائی میر اصغر رند اور ڈی ایچ او ڈاکٹر نوروز یعقوب کی ان مخلصانہ اور عوامی خدمات کو بھرپور الفاظ میں سراہا گیا ہے اور ان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

 

مزید خبریں