الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کی جانب سے عام انتخابات کے حوالے سے دائر درخواستوں پر فیصلے جاری

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عام انتخابات 2026 کے مختلف انتخابی حلقوں سے متعلق دائر درخواستوں اور نظرثانی پٹیشنز کی سماعت مکمل کرنے کے بعد متعلقہ مقدمات میں فیصلے جاری کر دیے ہیں

گلگت۔ 17 جون (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عام انتخابات 2026 کے مختلف انتخابی حلقوں سے متعلق دائر درخواستوں اور نظرثانی پٹیشنز کی سماعت مکمل کرنے کے بعد متعلقہ مقدمات میں فیصلے جاری کر دیے ہیں۔الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ گلگت بلتستان میں منعقدہ سماعتوں کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے تمام فریقین اور ان کے وکلاء کے دلائل کو تفصیل اور باریک بینی سے سنا، دستیاب انتخابی ریکارڈ، قانونی نکات اور شواہد کا بغور جائزہ لیا اور قانون و انصاف کے تقاضوں کے مطابق فیصلے صادر کیے۔سماعت کے دوران مختلف انتخابی حلقوں سے متعلق درخواستوں، نظرثانی پٹیشنز، ووٹوں کی دوبارہ گنتی، انتخابی ریکارڈ کی جانچ پڑتال اور دیگر انتخابی امور سے متعلق معاملات پر فریقین کو مکمل موقع فراہم کیا گیا تاکہ وہ اپنا موقف پیش کر سکیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے تمام مقدمات کو شفاف، غیرجانبدار اور قانونی طریقہ کار کے تحت نمٹاتے ہوئے متعلقہ احکامات جاری کر دیے۔شعبہ تعلقات عامہ الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق الیکشن کمیشن نے تمام انتخابی تنازعات کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے خوش اسلوبی سے نمٹایا ہے اور اس امر کو یقینی بنایا ہے کہ ہر درخواست گزار کو منصفانہ سماعت اور قانونی حق دفاع فراہم کیا جائے۔الیکشن کمیشن گلگت بلتستان انتخابی عمل کی شفافیت، قانون کی حکمرانی،جمہوری اقدار کے فروغ،غیر جانبداری،عوامی اعتماد کے استحکام اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریاں پوری دیانت داری سے انجام دے رہا ہے۔

مزید خبریں