ایران- امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت اور امن معاہدہ پاکستان کی بڑی سفارتی کامیابی ہے، ڈاکٹر نیلس عظیم

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا ہے کہ ایران- امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت اور امن معاہدے کیلئے پاکستان کے ثالثی کردار کو بڑی سفارتی کامیابی ملی ہے، بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر نیلسن عظیم نے کہا ہے کہ ایران- امریکہ کے درمیان مذاکرات میں پیشرفت اور امن معاہدے کیلئے پاکستان کے ثالثی کردار کو بڑی سفارتی کامیابی ملی ہے، بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں وفاقی بجٹ 2026-27ء پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بڑی کامیابی ہے کہ امریکی صدر کے ہماری سول و فوجی قیادت کے ساتھ بے مثال روابط ہیں،یہ ہماری بڑی سفارتی کامیابی ہے جس پر ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ آسان حالات میں تیار نہیں کیا گیا بلکہ اسے بنانے میں بڑی محنت کی گئی ہے، اس مشکل کام کو کامیابی سے مکمل کرنے پر وزیر خزانہ اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں نہ تو کوئی نیا ٹیکس عائد کیا گیا ہے اور نہ ہی موجودہ ٹیکسز میں اضافہ کیا گیا ہے بلکہ متعدد شعبوں میں ٹیکسوں میں کمی کی گئی ہے، تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کیا گیا ہے اور ملازمین کی تنخواہوں اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 6 لاکھ روپے سالانہ آمدن تک انکم ٹیکس صفر کر دیا گیا ہے جبکہ 6 سے 12 لاکھ روپے آمدن والے طبقے کیلئے بھی ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے، رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں ٹیکس کو 2.5 فیصد سے کم کر کے 1.25 فیصد کر دیا گیا ہے جس سے اس صنعت کو دوبارہ فعال بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اپنا گھر پروگرام کے تحت بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں تیزی سے اضافے کے مسئلے پر قابو پانے کیلئے جامع منصوبہ بندی اور موثر پالیسی وضع کرنی چاہئے تاکہ آبادی کے دبائو کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتیں ابتداء سے ہی وفادار، محنتی اور ایماندار شہری کے طور پر خدمات انجام دیتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قیام میں اقلیتی برادریوں کا بھی کردار رہا ہے اور خاص طور پر مسیحی برادری نے تعلیم، صحت، مسلح افواج اور عدالتی نظام سمیت مختلف شعبوں میں قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جبری مذہب کی تبدیلی کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور خصوصا ً کم عمر لڑکیوں کے تحفظ کے حوالے سے نظام کو بہتر بنانے کی کوششیں جاری ہیں جس پر ہم حکومت کے شکر گزار ہیں۔

مزید خبریں