پارلیمانی سیکرٹری دفاع راجہ اسامہ سرورنے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عالمی معاشی بحران کے پس منظر میں آیا ہے، ایسے حالات میں متوازن بجٹ دینے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ مبارکبادکے مستحق ہیں، دفاعی بجٹ میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہیں اورپوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔
متوازن بجٹ دینے پر وزیراعظم اور وزیر خزانہ مبارکباد کے مستحق ہیں، دفاعی بجٹ میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہیں، پ راجہ اسامہ سرور

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری دفاع راجہ اسامہ سرورنے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عالمی معاشی بحران کے پس منظر میں آیا ہے، ایسے حالات میں متوازن بجٹ دینے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر خزانہ مبارکبادکے مستحق ہیں، دفاعی بجٹ میں اضافے کا خیر مقدم کرتے ہیں اورپوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن کے مذموم عزائم اور عالمی سطح پر ہونے والی منفی مہم کے باوجود پاکستان نے ہر محاذ پر ثابت قدمی دکھائی ہے، اس نازک صورتحال میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہمیشہ ریاستی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے یہ واضح پیغام دیا کہ سیاست نہیں، ریاست پہلے ہے۔ اسی طرح افواجِ پاکستان اور ان کی قیادت نے ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج نے ہر قسم کے خطرات، دہشت گردی اور دشمن کی سازشوں کا موثر جواب دیا جس سے نہ صرف اندرونی امن مضبوط ہوا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے دفاعی موقف کو بھی تقویت ملی۔ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع پر مکمل اعتماد رکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ آئندہ مالی سال کا بجٹ ایک مشکل عالمی اور علاقائی صورتحال میں پیش کیا گیا جس میں معاشی دبائو، عالمی تنازعات اور داخلی چیلنجز شامل تھے۔ اس کے باوجود حکومت نے عوامی ریلیف، ٹیکس اصلاحات اور معاشی استحکام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ میں وزیراعظم اور وزیر خزانہ کی کاوشوں کو سراہتا ہوں۔ دفاعی بجٹ میں اضافے اور مسلح افواج کی جدید کاری کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتا ہوں کیونکہ ملک کی سلامتی اولین ترجیح ہے
۔ انہوں نے کہاکہ ان کے حلقہ میں چار تحصیلیں مری، کوٹلی ستیاں، کہوٹہ اور کلر سیداں شامل ہیں۔ مری میں پانی کے منصوبوں اور ایک جامع یونیورسٹی کے قیام کی ضرورت ہے، کوٹلی ستیاں کو ٹورازم ڈسٹرکٹ قرار دیا گیا ہے تاہم یہاں گیس اور سب ڈویژن کی سہولتوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ کہوٹہ میں کہوٹہ روڈ منصوبے کی جلد تکمیل عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے۔ کلر سیداں میں جدید یونیورسٹی اور روات سے کلر سیداں دو رویہ سڑک کی جلد تعمیر ناگزیر ہے۔یہ تمام منصوبے عوام کی بنیادی ضروریات سے متعلق ہیں اور ان کی بروقت تکمیل سے علاقے میں ترقی اور سہولیات کی فراہمی ممکن ہوگی۔
.








