قومی پیغامِ امن کمیٹی (این پی اے سی) نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ملک گیر ہیلپ لائن قائم کر دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے، امن و امان کی صورتحال یا مشتبہ سرگرمی کی بروقت اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچائی جا سکے
محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کے لیے قومی پیغامِ امن کمیٹی کی ملک گیر ہیلپ لائن قائم

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):قومی پیغامِ امن کمیٹی (این پی اے سی) نے محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں امن، مذہبی ہم آہنگی اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی ملک گیر ہیلپ لائن قائم کر دی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے، امن و امان کی صورتحال یا مشتبہ سرگرمی کی بروقت اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچائی جا سکے۔کمیٹی کے مطابق یہ ہیلپ لائن شہریوں، علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، مجالس و جلوسوں کے منتظمین اور رضاکاروں کے لیے براہِ راست رابطے کا ذریعہ ہوگی، جس کے ذریعے سکیورٹی خدشات، امن و امان سے متعلق مسائل، مذہبی عدم برداشت کے واقعات، فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی یا کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع دی جا سکے گی۔قومی پیغامِ امن کمیٹی نے بتایا کہ یہ اقدام وزارتِ داخلہ، صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مختلف مکاتبِ فکر کے جید علمائے کرام کے ساتھ قریبی رابطے اور مشاورت سے کیا گیا ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران بروقت ردعمل اور مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنایا جا سکے۔قومی پیغامِ امن کمیٹی کے لیے وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے دوران مکمل چوکس رہیں اور امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش، مشتبہ سرگرمی یا ناخوشگوار واقعے کی فوری اطلاع کمیٹی کی ہیلپ لائن پر دیں۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے، لہٰذا تمام مکاتبِ فکر کے علماء، مشائخ، مذہبی و سماجی رہنما، رضاکار اور عوام اتحاد، رواداری، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کے فروغ میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور فرقہ واریت، نفرت انگیز تقاریر، افواہوں اور غیر مصدقہ معلومات کے پھیلاؤ سے مکمل اجتناب کریں۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی محرم الحرام کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ کسی بھی مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جا سکے اور ملک بھر میں مجالس، جلوسوں اور دیگر مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔کمیٹی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ، اشتعال انگیز یا گمراہ کن معلومات شیئر کرنے سے گریز کریں، کیونکہ ایسی سرگرمیاں امن عامہ اور مذہبی ہم آہنگی کو متاثر کر سکتی ہیں۔قومی پیغامِ امن کمیٹی نے شہریوں سے کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوشگوار واقعے کی اطلاع درج ذیل ہیلپ لائن نمبرز پر فوری طور پر دیں:
0300-7888871
051-9203904
051-9203905
کمیٹی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں قومی اتحاد، بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اپنی کاوشیں جاری رکھے گی۔








