چیئرمین نیب کے وژن اور ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں نیب بلوچستان نے یونیورسٹی آف لورالائی کے باہمی اشتراک سے ’’نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار‘‘ کے عنوان سے بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک ویبینار کا انعقاد کیا
نیب بلوچستان زیر اہتمام یونیورسٹی آف لورالائی کے باہمی اشتراک سے بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے عنوان سے ویبینار کا انعقاد

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 18 جون (اے پی پی):چیئرمین نیب کے وژن اور ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان کی ہدایات کی روشنی میں نیب بلوچستان نے یونیورسٹی آف لورالائی کے باہمی اشتراک سے ’’نیب کے کام کا طریقہ کار اور بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار‘‘ کے عنوان سے بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں ایک ویبینار کا انعقاد کیا۔ ویبینار کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب بلوچستان احتشام الحق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی احسان اللہ کاکڑ اور دیگر مقررین نے یونیورسٹی کے طلباء اور فیکلٹی ممبرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر نیب خرم شہزاد نے طلباء سے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں ۔ انہوں نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ۔
اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر گرداناگیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طلباء بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کے درس کومزید فروغ دیا جا سکے ۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر نیب احتشام الحق نے طلباء سے پروگرام کے عنوان کے حوالے سے خطاب کیا اور ان پر واضح کیا کہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں اور آنے والے دنوں میں اس ملک کی قیادت انہوں نے ہی سنبھالنی ہے اور وہ اپنے آپ کو اس کام کے لیے صرف ایک بہترین سٹوڈنٹ بن کر ہی سر انجام دے سکتے ہیں۔ بعد ازاں طلباء اور فیکلٹی کی جانب سے کیے گئے سوالات کا انہوں خندہ پیشانی سے جوابات دئیے۔ یونیورسٹی آف لورالائی کے وائس چانسلر احسان اللہ کاکڑ اور ڈائریکٹر اسلم زیب نے بھی اپنے خطابات میں اس امر پر زور دیا کہ طلباء آگے بڑھیں اور کرپشن کے خاتمے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔سیشن کے اختتام پر انہوں نے نیب بلوچستان کی جانب سے انسداد بدعنوانی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا اور آئندہ بھی اس مہم میں یونیورسٹی کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔








