پشاور،نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کو PEHL-911 منصوبے کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات پر چیک حوالے

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کو PEHL-911 منصوبے کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات پر چیک حوالے کیا

پشاور۔ 18 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید مروت نے سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کو PEHL-911 منصوبے کے لیے فراہم کی جانے والی خدمات پر چیک حوالے کیا۔محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق تقریب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ و قبائلی امور اکرام اللہ خان، سیکرٹری داخلہ عثمان خان مسعود، سیکرٹری ریلیف سہیل احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر پشاور سیف سٹی نویدگل، پراجیکٹ ڈائریکٹر PEHL-911 رفاقت خان، جنرل منیجر NTC محمد سرور اور ایڈمن اینڈ آپریشنز PEHL-911 وقاص گوہر سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ خان نے PEHL-911 منصوبے پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یہ منصوبہ صوبے میں ایک مربوط، جدید اور چوبیس گھنٹے فعال ایمرجنسی رسپانس سسٹم کے قیام کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ PEHL-911 کے ذریعے شہری پولیس، ریسکیو، پی ڈی ایم اے اور دیگر ہنگامی خدمات تک ایک ہی نمبر کے ذریعے فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ہنگامی صورتحال میں شہری سم کارڈ یا موبائل نیٹ ورک کی دستیابی کے بغیر بھی 911 پر کال کر سکیں گے تاکہ انہیں بروقت امداد اور رہنمائی فراہم کی جا سکے۔ یہ سہولت دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں ایمرجنسی خدمات تک رسائی کو مزید مؤثر بنائے گی۔معاونِ خصوصی طارق سعید مروت نے اس موقع پر کہا کہ PEHL-911 صوبے میں عوامی تحفظ اور ایمرجنسی رسپانس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 911 پر موصول ہونے والی جعلی اور غیر ضروری کالز کی روک تھام کے لیے مؤثر نظام وضع کیا جائے تاکہ ہیلپ لائن کی استعداد حقیقی ہنگامی حالات کے لیے محفوظ رہے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ موصول ہونے والی تمام کالز اور رپورٹ ہونے والے ہنگامی واقعات کی نگرانی، ٹریکنگ اور فالو اپ کے لیے ایک جامع اور مؤثر میکنزم تشکیل دیا جائے تاکہ شہریوں کو بروقت اور معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر PEHL-911 منصوبے کے لیے خدمات کی فراہمی کے عوض چیک جنرل منیجر NTC محمد سرور کے حوالے کیا گیا۔ اس موقع پر شرکاء نے PEHL-911 منصوبے کی بروقت تکمیل اور اس کے مؤثر نفاذ کے لیے محکمہ داخلہ اور NTC کے مابین تعاون کو سراہا۔