وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور ایرانی سفیر کی ملاقات،اقتصادی تعاون، سرحدی تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ اور ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے سرمایہ کاری کاری بورڈ میں ملاقات کی،جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون، سرحدی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ اور ایران کے سفیر رضا امیری مقدم نے سرمایہ کاری کاری بورڈ میں ملاقات کی،جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون، سرحدی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کو طے شدہ ہدف 10 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور ایران نے رمدان–گبد سرحدی سپیشل اکنامک زون (ایس ای زیڈ ) کو جلد فعال بنانے اور سرحدی تجارت میں اضافے کے لئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مستحکم کرنا دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں علاقائی تعاون اور معاشی استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کراچی بندرگاہ پر رکے ہوئے ایرانی کنٹینرز کی فوری کلیئرنس کی درخواست کی جس پر وفاقی وزیر نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے ساتھ مل کر مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں ایران کی جانب سے پاکستان کو وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی فراہم کرنے کی پیشکش کا بھی خیرمقدم کیا گیا جبکہ دونوں فریقین نے سرحد پار روزانہ گزرنے والے ٹرکوں کی تعداد 2,000 تک بڑھانے کی تجویز پر غور کرنے پر اتفاق کیا۔بورڈ آف انویسٹمنٹ نے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور تجارتی روابط کے فروغ کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط خطے میں اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لئے اہم ثابت ہوں گے۔

مزید خبریں