چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث میں 56 سینیٹرز نے حصہ لیا جو عوامی مالیات پر بامعنی پارلیمانی نگرانی کے حوالے سے ایوان بالا کے مضبوط عزم کا مظہر ہے۔
بجٹ بحث میں 56 سینیٹرز کی شمولیت ایوانِ بالا کے عوامی مالیات پر مؤثر پارلیمانی نگرانی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے، سید یوسف رضا گیلانی

مزید خبریں
اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث میں 56 سینیٹرز نے حصہ لیا جو عوامی مالیات پر بامعنی پارلیمانی نگرانی کے حوالے سے ایوان بالا کے مضبوط عزم کا مظہر ہے۔ جمعرات کو سینیٹ میں وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی جانب سے بجٹ بحث سمیٹنے کے بعد اپنے اختتامی کلمات میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان نے بجٹ پر اپنی آراء، سفارشات اور تحفظات پیش کیے جس سے بجٹ کا جامع اور شفاف جائزہ ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات اور قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات نے فنانس بل 2026 اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) پر تفصیلی غور کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمیٹیوں نے سینیٹرز کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز کا باریک بینی سے جائزہ لینے کے لیے طویل اجلاس منعقد کیے اور ہر سفارش کو اس کی افادیت کی بنیاد پر پرکھا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کمیٹیوں کی کاوشوں کے نتیجے میں رپورٹ تیار کی گئی جو ایوان میں پیش کی گئی، سینیٹ نے متفقہ طور پر منظور کی اور بعد ازاں اسے غور و خوض کے لیے قومی اسمبلی کو بھجوا دیا گیا۔ انہوں نے بجٹ عمل میں تمام سینیٹرز کی تعمیری شرکت اور قیمتی تجاویز پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں سے پارلیمانی مباحثے کے معیار میں بہتری آئی اور شفافیت، احتساب اور جمہوری نگرانی کے محافظ کے طور پر سینیٹ کا کردار مزید مضبوط ہوا۔سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ و محصولات کے چیئرمین سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور قائمہ کمیٹی برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات کی چیئرپرسن سینیٹر قرۃ العین مری کو بھی خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے بجٹ جائزہ عمل کے دوران کمیٹیوں کی موثر قیادت کی۔ انہوں نے سینیٹ سیکرٹریٹ کے افسران اور عملے بالخصوص رجسٹریشن برانچ اور کمیٹی برانچ کے حکام کی پیشہ ورانہ خدمات اور انتھک محنت کو بھی سراہا جنہوں نے بجٹ اجلاس کے دوران ایوان اور کمیٹیوں کے اجلاسوں کے انعقاد میں اہم کردار ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ان اجتماعی کوششوں سے ملک کے مالیاتی امور میں شفافیت، احتساب اور موثر پارلیمانی نگرانی کے فروغ کے لیے سینیٹ کے آئینی کردار کو مزید تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ جائزہ عمل کی کامیاب تکمیل اس بات کا ثبوت ہے کہ جب پارلیمانی ادارے موثر انداز میں کام کرتے ہیں تو وہ جمہوری طرز حکمرانی کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔








