چائلڈ لیبر غربت اور سماجی محرومی کا نتیجہ ہے، ہر بچہ جو سکول میں ہو وہ کامیابی کی علامت ہے، بیرسٹر عقیل ملک

وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کوئی ناگزیر حقیقت نہیں بلکہ یہ غربت، سماجی محرومی اور ناکافی سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وزیر مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک نے کہا ہے کہ چائلڈ لیبر کوئی ناگزیر حقیقت نہیں بلکہ یہ غربت، سماجی محرومی اور ناکافی سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے۔انہوں نے یہ بات این سی ایچ آر اور یونیسیف کے اشتراک سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں چائلڈ لیبر سے متعلق قومی رپورٹ بھی جاری کی گئی۔بیرسٹر عقیل ملک نے کہا کہ ہر وہ بچہ جو مزدوری کے بجائے سکول میں موجود ہے، دراصل معاشرے کی کامیابی کی علامت ہے اور یہی وہ معیار ہے جس پر ریاست اور معاشرے کو اپنی کارکردگی پرکھنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کو مشقت سے بچانا صرف حکومتی اداروں کی نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے پائیدار پالیسیوں، بہتر سرمایہ کاری اور سماجی سطح پر رویوں میں تبدیلی ناگزیر ہے۔وزیر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیم تک رسائی اور بچوں کا تحفظ یقینی بنائے بغیر چائلڈ لیبر کے خاتمے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔