وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کے شعبوں پر مزید توجہ دی جانی چاہیے، سینیٹر روبینہ قائم خانی

پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ قائم خانی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کے شعبوں پر مزید توجہ دی جانی چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ قائم خانی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود، ترقیاتی منصوبوں اور بنیادی سہولیات کے شعبوں پر مزید توجہ دی جانی چاہیے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ جمعرات کو سینیٹ میں وفاقی بجٹ برائے مالی سال 27 ۔ 2026 27 پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے سینیٹر روبینہ قائم خانی نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے حجم میں اضافے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم، صحت، صاف پانی، انفراسٹرکچر اور روزگار کے منصوبوں میں سرمایہ کاری سے پائیدار ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ کے لیے سولر انورٹرز پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے عوام کو سستی توانائی کی سہولت میسر آ سکے گی۔انہوں نے صوبہ سندھ کے اہم شاہراہی منصوبوں کے لیے مزید فنڈز مختص کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے تجارت، مواصلات اور علاقائی ترقی کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے پاکستان ریلوے کی بہتری، ریلوے ٹریکس کی مرمت اور جدیدکاری کے لیے موثر اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ سینیٹر روبینہ قائم خانی نے زرعی شعبے کو ملکی معیشت کی بنیاد قرار دیتے ہوئے کسانوں کو کھاد، ڈیزل اور بجلی کی مد میں زیادہ سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سندھ اور بلوچستان میں پانی کی دستیابی کے مسئلے کے حل اور 1991 کے آبی معاہدے پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی منصفانہ تقسیم سے زرعی پیداوار میں اضافہ اور کسانوں کے مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔انہوں نے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور امن معاہدے کی پیش رفت میں پاکستان کے کردار کو بڑی سفارتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی موثر سفارت کاری کو عالمی سطح پر سراہا گیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مشترکہ کوششوں نے خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی کامیابی کو جمہوریت اور عوامی اعتماد کی فتح قرار دیا۔