وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا نے جمعرات کے روز کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان کے ہمراہ تحصیل کوٹ مومن اور بھلوال کا تفصیلی دورہ کیا۔
ایڈوائزر سی ایم پنجاب کا تحصیل کوٹ مومن اور بھلوال کا دورہ، مجالس اور عزاداری جلوسوں کے انتظامی اور سکیورٹی امور کا جائزہ

مزید خبریں
سرگودھا ۔ 18 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی برائے انسپیکشن ٹیم شعیب مرزا نے جمعرات کے روز کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی اور ریجنل پولیس آفیسر شہزاد آصف خان کے ہمراہ تحصیل کوٹ مومن اور بھلوال کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر صہیب اشرف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل رانا محمد ابوبکر، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔ معاونِ خصوصی، کمشنر اور آر پی او نے کوٹ مومن اور بھلوال میں محرم الحرام کے مرکزی جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں، مجالس کے مقامات اور دیگر حساس تنصیبات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وفود کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ جلوسوں کے تمام روٹس کی پیچ ورک، صفائی ستھرائی، سٹریٹ لائٹس کی فعالیت، تجاوزات کے خاتمے اور دیگر انتظامی امور مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے فعال ہیں اور لائیو مانیٹرنگ کے انتظامات بھی موجود ہیں۔معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے انتظامات کا جائزہ لینے کے بعد اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو محرم الحرام کے انتظامات سے متعلق لمحہ بہ لمحہ آگاہ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور تمام متعلقہ ادارے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عزاداروں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔بعد ازاں ،بھلوال میں تحصیل امن کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت معاونِ خصوصی شعیب مرزا نے کی۔ اجلاس میں کمشنر سرگودھا ڈویژن، آر پی او، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او، ضلعی امن کمیٹی کی کور کمیٹی کے اراکین نے خصوصی طور پر شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعیب مرزا نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کے لیے علماء، مشائخ، امن کمیٹیوں اور انتظامیہ کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جلوسوں اور مجالس کے روٹس کلیئر کر دیے گئے ہیں، سکیورٹی پلان پر مؤثر انداز میں عملدرآمد جاری ہے اور عزاداروں کی سہولت کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں۔ کور کمیٹی کے کنوینر قاری احمد علی ندیم نے ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال، مختلف تحصیلوں کے دوروں اور محرم الحرام انتظامات کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر کمشنر سرگودھا حافظ شوکت علی نے کہا کہ عزاداروں کی سہولت اور خدمت کے لیے جلوسوں کے روٹس پر عرقِ گلاب کا چھڑکاؤ، ٹھنڈے پانی کی فراہمی، پھلوں اور دیگر ضروری اشیاء کی تقسیم کے انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں انجام دیں تاکہ محرم الحرام کے دوران مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کے شرکاء نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی دلچسپی، ضلعی انتظامیہ اور پنجاب پولیس کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔








