وفاقی بجٹ کا مقصد عوام اور صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے، جام کمال

وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ معاشی چیلنجز، توانائی کی ضروریات اور کاروباری سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس کا مقصد عوام اور صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔

اسلام آباد۔18جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال نے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ معاشی چیلنجز، توانائی کی ضروریات اور کاروباری سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جس کا مقصد عوام اور صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس کی توانائی کی ضروریات کا بڑا حصہ بیرونی ممالک پر منحصر ہے تاہم حکومت نے گزشتہ چند ماہ کے دوران مشکل معاشی حالات کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا ہے جسے بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے لئے ریونیو اہداف کا حصول اہم ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ عوام اور کاروباری طبقے کو سہولتیں فراہم کرنا بھی ضروری ہے تاکہ کاروبار ترقی کریں، روزگار کے مواقع پیدا ہوں، سروس انڈسٹری کو فروغ ملے اور قومی معیشت مضبوط ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کی تیاری میں ان تمام عوامل کو مدنظر رکھا گیا ہے اور دستیاب گنجائش کے مطابق بہترین تجاویز شامل کی گئی ہیں۔جام کمال نے کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کی فضا پیدا ہوئی ہے جس کے مثبت اثرات برآمدات اور سرمایہ کاری پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتی مراعات اور پالیسیوں کے باعث برآمدات میں اضافہ ہوگا اور معیشت مزید مضبوط ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور دیگر علاقوں میں بدامنی پھیلانے کی کوششوں کے پیچھے ملک دشمن عناصر کے عزائم کسی سے پوشیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور انتشار کو فروغ دینے کے لئے بیرونی مداخلت کے شواہد بھی سامنے آتے رہے ہیں تاہم حکومت اور ریاستی ادارے ایسے عناصر کے مذموم مقاصد کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ عوام میں شعور اور حقائق سے آگاہی بڑھنے کے ساتھ ملک دشمن بیانیے کی حقیقت مزید واضح ہو جائے گی اورپاکستان ترقی و استحکام کے سفر کو جاری رکھے گا۔

مزید خبریں