اپوزیشن کا پارلیمانی اجلاس، بجٹ اور عوامی حقوق کے تحفظ کے عزم کا اعادہ

صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس قائدِ حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا

پشاور۔ 19 جون (اے پی پی):صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن جماعتوں کا پارلیمانی اجلاس قائدِ حزبِ اختلاف ڈاکٹر عباداللہ خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں موجودہ سیاسی صورتحال، آئندہ بجٹ اور عوامی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ اگر صوبائی بجٹ عوام دوست نہ ہوا تو اپوزیشن اس کی بھرپور مخالفت کرے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی مفادات کے خلاف کسی بھی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا اور حکومت کی کمزوریوں اور غیر آئینی اقدامات کی ہر فورم پر مؤثر انداز میں مخالفت کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن صوبے کے حقوق اور عوامی مسائل پر بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی اور کرپشن یا صوبے کے مفاد کے خلاف کسی بھی اقدام پر سخت تنقید کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا بنیادی مقصد عوامی حقوق کا تحفظ، آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کا فروغ ہے۔ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہے اور اپنے مؤقف پر قائم ہے۔ انہوں نے سیاسی ملاقاتوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی ملاقاتوں کو غیر ضروری رنگ دینا مناسب نہیں، کیونکہ مختلف شخصیات سے ملاقاتیں سیاسی عمل کا حصہ ہوتی ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اپوزیشن عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی بہتری کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور آئینی، جمہوری اور مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔ اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے صوبے کے عوام کو درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں