تعلیمی اور سماجی شعبوں میں عوامی شراکت داری پائیدار ترقی کی ضامن ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

تعلیمی اور سماجی شعبوں میں عوامی شراکت داری پائیدار ترقی کی ضامن ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ۔ 19 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے جمعہ کو یہاں گلستان کے ممتاز قبائلی و سماجی رہنماء سردار احمد خان غیبزئی کی قیادت میں ایک اہم وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گلستان میں تعلیمی و سماجی ترقی کے جاری اقدامات، حکومت اور مقامی کمیونٹی کے درمیان اشتراک کار اور مستقبل کے ترقیاتی امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وفد نے علاقے میں تعلیم کے فروغ اور سماجی بہتری کے لیے مقامی سطح پر کیے جانے والے غیر سرکاری اقدامات سے وزیر اعلیٰ کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے گلستان میں کمیونٹی کی شراکت داری کے ذریعے تعلیمی و سماجی شعبوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ۔

وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیم اور سماجی ترقی کے شعبوں میں نجی و کمیونٹی اقدامات نہ صرف قابلِ تحسین ہیں بلکہ یہ حکومتی اداروں کے ساتھ مل کر پائیدار ترقی کی بنیاد فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے تمام مثبت اقدامات کی بھرپور حوصلہ افزائی اور ہر ممکن سرپرستی جاری رکھے گی ۔

انہوں نے کہا کہ گلستان میں مقامی سطح پر تعلیم کے فروغ میں کمیونٹی کا کردار انتہائی اہم اور قابلِ قدر ہے اور حکومت بلوچستان اس ماڈل کو دیگر علاقوں تک بھی وسعت دینے کی خواہاں ہے تاکہ تعلیمی مواقع ہر شہری تک پہنچ سکیں ۔وزیر اعلیٰ نے واضح کیا کہ حکومت بلوچستان تعلیمی اداروں کی بہتری، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ تعلیم کی بلندی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی و سماجی خدمات میں عوامی شراکت سے نہ صرف ترقیاتی عمل مزید مؤثر ہوگا بلکہ یہ اقدام ایک مضبوط، خود کفیل اور باشعور معاشرے کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید خبریں