ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بنگلہ دیش سے آئے ہوئے ماہرین تعلیم کے 15 رکنی وفد کا ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون، مشترکہ تحقیق اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ پر زور

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بنگلہ دیش سے آئے ہوئے ماہرین تعلیم کے 15 رکنی وفد کا ایچ ای سی سیکرٹریٹ میں خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی تعاون، مشترکہ تحقیق اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات کے دوران چیئرمین ایچ ای سی نے وفد کو کمیشن کے مینڈیٹ، اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں اصلاحات اور انسانی وسائل کی ترقی کے مختلف اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اسکالرشپ پروگراموں اور پاکستان-بنگلہ دیش نالج کوریڈور سمیت مختلف منصوبوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کی جامعات اور علمی اداروں کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشترکہ تحقیقی منصوبے، فیکلٹی اور طلبہ کے تبادلے کے پروگرام دونوں ممالک کے تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایچ ای سی پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلیمی اداروں کے درمیان شراکت داری کے فروغ اور علمی برادریوں کے مابین روابط کو مستحکم بنانے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔بنگلہ دیشی وفد نے پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی شعبے میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے تعلیمی اور تحقیقی شعبوں میں باہمی تعاون کے مزید امکانات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔








