پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ثقافتی روابط کے فروغ پر اتفاق

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر اتاجان موولاموف سے ملاقات کی جس میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور ثقافتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی، تحقیقی اور ثقافتی روابط کو وسعت دینے کے مختلف امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلیم، جدت طرازی اور علم کے تبادلے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔گفتگو میں ترکمانستان میں اردو زبان کے فروغ کو خصوصی اہمیت دی گئی۔ چیئرمین ایچ ای سی نے اس حوالے سے دلچسپی رکھنے والے تعلیمی اداروں کو نصاب کی تیاری، تدریسی و تحقیقی مواد کی فراہمی، اساتذہ کی تربیت اور ماہرین کی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایچ ای سی کی مکمل حمایت کی پیشکش کی۔فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرتے ہوئے انہیں علاقائی روابط، علمی اشتراک اور پائیدار ترقی پر مبنی مستقبل کی شراکت داری میں تبدیل کیا جائے۔ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلوں سمیت مشترکہ تحقیقی منصوبوں کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔

مزید خبریں