بے بنیاد افواہیں ، غلط معلومات پھیلانے والے عناصر من گھڑت بیانیے کے ذریعے ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، رانا ثناء اللہ
بے بنیاد افواہیں ، غلط معلومات پھیلانے والے عناصر من گھڑت بیانیے کے ذریعے ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں، رانا ثناء اللہ

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جون (اے پی پی):وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے بے بنیاد افواہیں اور غلط معلومات پھیلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر من گھڑت بیانیے کے ذریعے ملک میں عدم استحکام اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔میڈیا چینلز سے گفتگو کے دوران انہوں نے وزیراعظم کے دفتر میں کسی قسم کی تبدیلی کی افواہوں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ وزیراعظم کی تبدیلی کے حوالے سے افواہیں سراسر غلط ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف ملک کو درست سمت میں گامزن کر رہے ہیں اور انہوں نے عالمی سطح پر پاکستان کا امیج بلند کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو دنیا بھر میں پہچان اور عزت ملی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے خلوص، محنت اور قوم کے ساتھ ثابت قدمی نے تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی پذیرائی حاصل کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم کی قیادت اور لگن کو بڑے پیمانے پر سراہا گیاہے ۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیشہ اپوزیشن کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔انہوں نے یاد دلایا کہ جب ہماری پارٹی اپوزیشن میں تھی تب بھی اس کے رہنماؤں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے تھے، اس کے باوجود وہ جمہوری عمل پر یقین رکھتے تھے۔علاقائی پیش رفت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران پر سے پابندیاں اٹھانے سے پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور اس سے تجارت اور اقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھل سکتی ہیں۔
گلگت بلتستان کی سیاسی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن تعمیری کردار ادا کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے خطے میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل کی ہیں اور وہ مخلوط حکومت بنانے کے لیے دیگر جماعتوں سے مشاورت کر رہی ہے۔








