یوگا صرف جسمانی ورزش نہیں بلکہ ذہنی سکون، روحانی توازن اور صحت مند طرز زندگی کا مؤثر ذریعہ ہے, بابا سلیم شاہ
یوگا صرف جسمانی ورزش نہیں بلکہ ذہنی سکون، روحانی توازن اور صحت مند طرز زندگی کا مؤثر ذریعہ ہے, بابا سلیم شاہ

مزید خبریں
فیصل آباد۔ 21 جون (اے پی پی):اقوام متحدہ کے زیر اہتمام منائے جانے والے انٹرنیشنل یوگا ڈے کے موقع پر فیصل آباد کے جناح پارک میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں، طلبہ، اساتذہ، ڈاکٹروں، سماجی شخصیات اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی قیادت اقوام متحدہ کے والنٹیئر، ورلڈ یوگا چیمپئن اور انٹرنیشنل یوگا فاؤنڈیشن کے صدر بابا سلیم شاہ نے کی۔تقریب کا آغاز شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے اور محرم الحرام کے احترام میں خصوصی دعا سے کیا گیا۔
مقررین نے امام حسینؑ اور اہل بیتؑ کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعلیمات انسانیت، امن، صبر اور بھائی چارے کا درس دیتی ہیں۔ اس موقع پر نیازِ امام حسینؑ کا بھی وسیع اہتمام کیا گیا جس میں شرکاء نے بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بابا سلیم شاہ نے کہا کہ یوگا صرف جسمانی ورزش نہیں بلکہ ذہنی سکون، روحانی توازن اور صحت مند طرز زندگی کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے انٹرنیشنل یوگا ڈے منانے کا مقصد دنیا بھر میں صحت، امن اور عالمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا کے ذریعے ذہنی دباؤ، بے چینی، ڈپریشن اور مختلف جسمانی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔
اس موقع پر ”قدرتی علاج اور جدید دور میں یوگا کی افادیت” کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار بھی منعقد کیا گیا جس میں ماہرین نے یوگا کے طبی فوائد اور صحت پر مثبت اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ باقاعدگی سے یوگا کرنے سے جسمانی فٹنس بہتر ہوتی ہے جبکہ ذہنی سکون اور قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔تقریب کی خاص بات انٹرنیشنل یوگا کمپیٹیشن تھی جس میں مختلف عمر کے یوگیوں نے مہارت کا مظاہرہ کیا۔ مقابلے میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں خصوصی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔ منتظمین کے مطابق یہ اسناد بین الاقوامی سطح پر یوگا کے شعبے میں پیشہ ورانہ مواقع کے حصول میں معاون ثابت ہوسکتی ہیں۔
خواتین کی شرکت کو یقینی بنانے کے لیے تقریب گاہ میں پردے کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جہاں خواتین نے الگ کیمپ میں یوگا سیشنز میں حصہ لیا۔ شرکاء نے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے خواتین کو باوقار اور محفوظ ماحول میسر آیا۔تقریب کے اختتام پر بابا سلیم شاہ نے کہا کہ یوگا انسانوں کو رنگ، نسل، مذہب اور قومیت سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں صحت مند معاشرے اور عالمی امن کے فروغ کے لیے ایسی سرگرمیاں مستقبل میں بھی جاری رکھی جائیں گی۔ شرکاء نے تقریب کو صحت، امن اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کی ایک مثبت کاوش قرار دیا۔








