نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا آرفوروزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے قاہرہ کا دورہ

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا آرفوروزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کیلئے قاہرہ کا دورہ

قاہرہ۔21جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی کی دعوت پرآر فور وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے 20 سے 21 جون 2026 تک قاہرہ کا دورہ کیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے مذاکرات، تعاون اور اجتماعی کوششوں کے عزم کو اجاگر کیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ مصر کے صدر عبدالفتاح السیسی سے مشترکہ ملاقات بھی کی۔ ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور پاکستان کی دفاعی قیادت کی جانب سے صدر السیسی کو سلام اور نیک خواہشات پہنچائیں اور مصر کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، برادرانہ اور کثیرالجہتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے دورہ پاکستان کیلئے دی جانے والی دعوت قبول کرنے پر مصرکے صدرالسیسی کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ یہ دورہ باہمی سہولت کے مطابق جلد ہوگا۔اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے ملاقات بھی کی۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان۔مصر دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون میں مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔

انہوں نے تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے موجودہ دوطرفہ طریقہ کار کو دوبارہ فعال بنانے پر بھی اتفاق کیا۔

وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی سطحوں پر قریبی رابطہ کاری اور مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور امن، استحکام اور پائیدار ترقی کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے آر فوروزارتی اجلاس کے لیے شاندار انتظامات اور پرتپاک مہمان نوازی پر مصر کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں