غیر قانونی ایل پی جی استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 دکاندار گرفتار

غیر قانونی ایل پی جی استعمال کے خلاف کریک ڈاؤن، 9 دکاندار گرفتار

اسلام آباد۔21جون (اے پی پی):اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے اتوار بازاروں میں ایل پی جی سلنڈرز کے غیر قانونی استعمال کے خلاف کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایچ نائن اتوار بازار میں آپریشن کے دوران 9 دکانداروں کو حراست میں لے لیا۔اتوار کو ضلعی انتظامیہ کے ترجمان کے مطابق عوامی مقامات پر حفاظتی انتظامات بہتر بنانے اور شہریوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے وفاقی دارالحکومت کے تمام اتوار بازاروں میں ایل پی جی سلنڈرز کےاستعمال پر پابندی عائد ہے۔ایچ نائن اتوار بازار کے معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے متعدد دکانداروں کوپابندی کے باوجود ایل پی جی سلنڈرز استعمال کرتے ہوئے پایا۔

انتظامیہ نے یہ بھی نوٹ کیا کہ بعض سلنڈرز بازار کی گزرگاہوں کے درمیان رکھے گئے تھے جس سے خریداروں کی آمدورفت متاثر ہو رہی تھی۔خلاف ورزی پر 9دکانداروں کو حراست میں لے کر مقامی تھانے منتقل کر دیا گیا۔حکام کے مطابق کارروائی عوامی راستوں میں رکاوٹ ڈالنے اور انتظامیہ کی واضح ہدایات کے باوجود ایل پی جی سلنڈرز استعمال کرنے پر عمل میں لائی گئی۔ضلعی انتظامیہ نےخبردار کیا ہے کہ حفاظتی ضوابط پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے بازاروں کی مسلسل نگرانی جاری رہے گی اور آئندہ بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

دریں اثنا ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے اپنےعلاقوں میں ایل پی جی کےاستعمال پر عائد پابندی پرسختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت کی ہے۔ اس مقصد کے لیے باقاعدہ معائنوں اور فوری کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ مہم گنجان بازاروں میں عوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور ایل پی جی سلنڈرز کے غیر محفوظ استعمال سے پیدا ہونے والے ممکنہ حادثات کی روک تھام کے لیے شروع کی گئی ہے۔

مزید خبریں