پنجاب بھر کی مجالس وجلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ و کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے، خواجہ سلمان رفیق

پنجاب بھر کی مجالس وجلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ و کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے، خواجہ سلمان رفیق

لاہور۔21جون (اے پی پی):صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا جہاں سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے پنجاب بھر کی سکیورٹی صورتحال بارے بریفنگ دی۔ انہوں نے محکمہ داخلہ کے کنٹرول روم سے صوبہ بھر میں مرکزی جلوسوں و مجالس کی لائیو مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ کنٹرول روم سے پنجاب بھر کے کنٹرول رومز میں فردا فردا رابطہ کیا اور رپورٹ لی۔

چیئرمین کابینہ کمیٹی اور سیکرٹری داخلہ پنجاب نے محکمہ داخلہ میں قائم کردہ ڈیجیٹل میڈیا سیل کا بھی دورہ کیا۔ ڈیجیٹل میڈیا سیل میں سائبر پٹرولنگ اور کوئیک رسپانس سسٹم بارے بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں محرم الحرام مکمل عقیدت و احترام اور پرامن انداز میں گزار رہے ہیں، پنجاب میں 37 ہزار سے زائد مجالس اور 9 ہزار سے زائد جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

پنجاب بھر کی مجالس اور جلوسوں کی میپ پر جیو ٹیگنگ کی گئی ہے اور کیمروں سے مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر کابینہ کے وزرا تمام اضلاع میں جاکر انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ محکمہ داخلہ کا سائبر پٹرولنگ سیل فرقہ واریت میں ملوث افراد کیخلاف ایکشن لے رہا ہے۔ انہوں نے فیلڈ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں محکمہ داخلہ کے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

سیکرٹری داخلہ پنجاب نے اس موقع پر بتایا کہ سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کے اکائونٹ بلاک اور گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں،سوشل میڈیا پر شرانگیزی میں ملوث افراد کیخلاف زیرو ٹالرینس پالیسی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے مزید کہا کہ معزز علمائے کرام اپنے خطبات میں اتحاد بین المسلمین کا پیغام عام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ایڈیشنل سیکرٹری انٹرنل سکیورٹی ماہم آصف ملک اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں