امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026کے گروپ جی کے ایک اہم میچ میں بیلجئیم اور ایران کے درمیان مقابلہ 0-0 سے برابر رہا، جس کے بعد بیلجئیم کی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے
فٹ بال ورلڈ کپ، ایران اور بیلجئیم کا میچ بغیر کسی گول کے برابر، بیلجئیم کی مشکلات میں اضافہ

مزید خبریں
لاس اینجلس۔22جون (اے پی پی):امریکہ کے شہر لاس اینجلس میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026کے گروپ جی کے ایک اہم میچ میں بیلجئیم اور ایران کے درمیان مقابلہ 0-0 سے برابر رہا، جس کے بعد بیلجئیم کی ٹیم شدید دباؤ کا شکار ہو گئی ہے۔ شنہوا کے مطابق میچ میں بیلجئیم کی ٹیم نے کھیل پر زیادہ تر وقت قبضہ برقرار رکھا لیکن وہ ایرانی گول کیپر علی رضا بیرانوند کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے گول کرنے میں ناکام رہی جبکہ میچ کے 66 ویں منٹ میں بیلجئیم کے سینٹر بیک ناتھن نگوئے کو ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا جس کے باعث بیلجئیم کو آخری لمحات 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑے۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بیلجئیم کے ہیڈ کوچ روڈی گارسیا نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم فارورڈ لائن پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کر سکی اور 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا بھی نقصان دہ ثابت ہوا۔ بیلجئیم کے سٹار سٹرائیکر رومیلو لوکاکو اور مڈفیلڈر نکولس راسکن نے بھی میچ کے نتیجے پر گہری مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد مواقع ملنے کے باوجود گول نہ ہونا مایوس کن ہے۔ واضح رہے کہ 48 ٹیموں کے اس ورلڈ کپ کے گروپ جی میں شامل بیلجئیم کی ٹیم فیفا رینکنگ میں 9 ویں، ایران 20 ویں، مصر 29 ویں اور نیوزی لینڈ 85 ویں نمبر پر ہے، اور اب 26 جون کو ہونے والے آخری گروپ میچز میں بیلجئیم کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے جبکہ ایران کا مقابلہ مصر سے ہوگا جہاں بیلجئیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے ہر حال میں جیت درکار ہوگی۔








