مری اور گلیات میں بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع، ریسکیو 1122 کا ہائی الرٹ جاری، سیاحوں اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مری، گلیات اور گرد و نواح میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے

راولپنڈی۔22جون (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 مری نے مری، گلیات اور گرد و نواح میں آئندہ چند روز کے دوران گرج چمک، تیز ہواؤں اور بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ، ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ایمرجنسی وسائل، ریسکیو ٹیموں اور کنٹرول روم کے عملے کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ ترجمان ریسکیو 1122 مری کے مطابق موسمیاتی رپورٹ میں مختلف اوقات کے دوران بارش، گرج چمک اور شدید موسمی سرگرمیوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس کے پیش نظر تمام ضروری حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ممکنہ بارشوں اور خراب موسمی صورتحال کے باعث ایمبولینسز، فائر وہیکلز، ریسکیورز اور کنٹرول روم کے عملے کو مکمل طور پر الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پتھر اور درخت گرنے، سڑکوں پر پھسلن، ٹریفک حادثات، نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق ان خدشات کے پیش نظر سیاحوں اور مقامی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور موسمی صورتحال سے مسلسل باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ریسکیو 1122 نے شہریوں اور سیاحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلادھار بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور ندی نالوں، برساتی گزرگاہوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات والے مقامات سے دور رہیں۔ریسکیو حکام نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور امدادی ٹیمیں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال، حادثے یا امداد کی ضرورت کی صورت میں فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 1122 پر رابطہ کریں۔