راولپنڈی پولیس نے سات محرم الحرام کے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات مکمل کرتے ہوئے راول ڈویژن میں فلیگ مارچ کیا اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔
راولپنڈی پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات، فلیگ مارچ اور جلوس روٹس کا جائزہ

مزید خبریں
راولپنڈی۔22جون (اے پی پی):راولپنڈی پولیس نے سات محرم الحرام کے جلوسوں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے سخت انتظامات مکمل کرتے ہوئے راول ڈویژن میں فلیگ مارچ کیا اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی جائزہ لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق سی پی او سید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر راول ڈویژن میں سات محرم الحرام کے حوالے سے فلیگ مارچ کیا گیا، جس کی قیادت ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے کی۔ فلیگ مارچ میں ایس پی راول، ایس ڈی پی اوز اور راول ڈویژن کے ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔ترجمان کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد امن و امان کے قیام اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے راولپنڈی پولیس کے عزم کا اظہار تھا۔دریں اثنا ایس ایس پی آپریشنز ملک طارق محبوب نے سات محرم الحرام کے جلوس کے روٹ کا دورہ بھی کیا اور متعلقہ افسران کو سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ جلوس کے روٹس کے اطراف تمام گلیوں کو مکمل طور پر سیل کیا جائے جبکہ جلوس میں شامل ہونے والے افراد کو باڈی سرچ اور واک تھرو گیٹس سے چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ سینئر افسران ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کو وقتاً فوقتاً بریف کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور جلوسوں کی مؤثر سکیورٹی کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








