لاہور چڑیاگھر میں حالیہ جنگلی حیات کی بدیسی انواع کی کامیاب افزائش نسل سے سیاحوں کونادرونایاب جانور دیکھنے کو ملیں گے،ترجمان

سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب اپنے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھر وں میں جنگلی حیات کی نادرونایاب بدیسی انواع کی کامیاب افزائش نسل کرکے ایکس سیچو کنزرویشن کی فیلڈ میں تاریخ کااہم سنگ میل عبور کررہاہے

لاہور۔22جون (اے پی پی):سینئر وزیر مریم اورنگ زیب کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب اپنے زیر انتظام وائلڈ لائف پارکس اور چڑیاگھر وں میں جنگلی حیات کی نادرونایاب بدیسی انواع کی کامیاب افزائش نسل کرکے ایکس سیچو کنزرویشن کی فیلڈ میں تاریخ کااہم سنگ میل عبور کررہاہے جس کا واضح ثبوت لاہور چڑیاگھر میں حالیہ جنگلی حیات کی بدیسی انواع کی کامیاب افزائش نسل ہے جس سے اب سیاحوں کو لاہور چڑیا گھر میں انتہائی خوبصورت نادرونایاب جانور دیکھنے کو ملیں گے۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف کیمطابق ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر لاہور ڈاکٹر غلام رسول کی صدر دفتر لاہور سے شئیر کی گئی لاہور چڑیاگھر کی ایک کامیاب وتاریخی افزائش نسل رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ لاہور چڑیا گھر اِس امر کا اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس کررہاہے کہ بہترین کیپٹو وائلڈ لائف مینجمنٹ کی بدولت لاہور چڑیا گھر نے افزائش نسل کی تاریخ میں اہم سنگ میل عبور کرلیا ہے چڑیا گھر میں غیر ملکی افریقی جنگلی جانور خصوصاچرنے والے جانور پوری طرح ماحول سے مطابقت اختیار کر چکے ہیں اور ماحول کی اِسی مطابقت اور ہم آہنگی کا نتیجہ ہے کہ اِن جانور وں کی باقاعدہ افزائش نسل شروع ہو چکی ہے اور یہ کامیابی چڑیا گھر انتظامیہ خصوصاویٹرنری ٹیم کی انتھک کو ششوں اور محنت کا نتیجہ ہے جنہوں نے اِس کامیابی کو احسن انداز سے ممکن بنایا۔بلاشبہ یہ کٹھن سفر اِن جانوروں کی متوازن غذااور فطری طرز کے مسکن کی فراہمی کی بدولت کامرانی سے ہمکنار ہوا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ لاہور چڑیا گھر میں جنوبی افریقہ کی ایک خوبصورت ہرن نما نسل نیالہ بخوبی پروان چڑھ رہی ہے کیونکہ اسکے ہاں افزائش نسل شروع ہو چکی ہے اور ایک مادہ نیالہ نے ایک بچے کو جنم دیا ہے۔ اسطرح نارتھ افریقہ ہی کے ایک جانور اوریکس جو کہ معدومی سے دو چا ر ہے کے ہاں بھی دو نئے بچوں کی آمد ہوئی ہے جنوبی افریقہ ہی کی ایک اور نوع اسپرنگ باک کے ہاں بھی دو نئے بچوں کی آمد ہوئی ہے اور بلیسباک کے ہاں بھی لاہور چڑیا گھر کی تاریخ میں پہلی بار ایک نیا مہمان افزائش نسل کی صورت میں آیا ہے۔ بلا شبہ چڑیا گھر انتظامیہ اس کا میاب افزائش نسل کے عمل پر دادتحسین کی مستحق ہے۔ نیز یہ کامیابی سیاحوں خصوصاچھو ٹے بچوں اور شائقین جنگلی حیات کیلئے بھی بڑ ی خوشخبری ہے کہ اب انہیں لاہور چڑیا گھر میں حیرت انگیز خوبصورت ننھے ننھے ہرن کے بچے نظر آئیں گے۔