سعودی عرب ، حرمین شریفین میں لگی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش

سعودی عرب میں حرمین شریفین میں استعمال کی گئی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے

ریاض۔22جون (اے پی پی):سعودی عرب میں حرمین شریفین میں استعمال کی گئی سنگ مرمر کی ٹائلوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔العربیہ اردو کے مطابق یہ نمائش 19 ویں صدی کے دوران لگائی جانے والی چھ اقسام کی ٹائلوں سے متعلق ہے جو ایک عرصے تک مسجد الحرام کا حصہ رہیں، جو بہترین کاریگری کا نمونہ ہیں۔نمائش کے منتظمین نے بتایاکہ سفید پتھر کی یہ ٹائلیں 1881 بمطابق 1299 ہجری میں لگائی گئی تھیں، ان سفید پتھروں پر کی گئی خطاطی میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ آلہ وسلم اور آپ کے چار خلفائے راشدین کے اسمائے گرامی شامل کیے گئے ہیں۔ سنگ مرمر کی ان ٹائلوں کی نمائش کے اہتمام کے علاوہ بھی تعمیرات کی تاریخ سے متعلق کئی اہم اور یادگاری نمونے رکھے گئے ہیں۔ یہ سب یاد گاریں حرمین شریفین سے متعلق ہیں۔ یہ یادگاری اشیا اور نوادرات کسی زمانے میں مسجد نبوی کی راہداریوں میں سجائے گئے تھے، لیکن اب انہیں احتیاط کے ساتھ محفوظ رکھنے کے لیے الگ سے رکھا گیا ہے،اور زائرین کی دلچسپی کے لیےنمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔نمائش میں دور نبوی سے لے کر سعودی دور تک کی تمام تاریخ کا احاطہ کیا گیا ہے، ایک خاص ترتیب کے ساتھ ان تعمیراتی نوادرات کو نمائش میں سجایا گیا ہے۔ یہ نمائش حرمین شریفین کی مختلف ادورا میں توسیع اور تزئین و آرائش کے علاوہ تاریخ کی بھی مظہر ہے۔