ڈی سی مری کی باڑیاں بازار کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

ڈی سی مری کی باڑیاں بازار کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں بہتری کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت

راولپنڈی۔ 23 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے باڑیاں بازار کا دورہ کیا اور وہاں جاری بیوٹیفکیشن، صفائی ستھرائی اور شہری سہولیات کی بہتری کے منصوبوں کا جائزہ لیا۔دورہ کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بازار کی مجموعی صورتحال کا معائنہ کرتے ہوئے سڑکوں، فٹ پاتھوں، نکاسی آب کے انتظامات، صفائی کے معیار، سائن بورڈز، عوامی سہولیات اور تزئین و آرائش کے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے مختلف مقامات کا دورہ کرکے متعلقہ افسران سے جاری منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور تکمیل کے شیڈول کے بارے میں بریفنگ بھی حاصل کی۔

آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ باڑیاں مری کا ایک اہم تجارتی اور سیاحتی مرکز ہے جہاں سال بھر بڑی تعداد میں مقامی شہریوں اور سیاحوں کی آمدورفت رہتی ہے۔ اس لیے بازار کو صاف ستھرا، خوبصورت اور منظم بنانا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بازار میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تجاوزات، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹوں اور دیگر شہری مسائل کے مستقل حل کے لیے مربوط اقدامات کیے جائیں۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بیوٹیفکیشن کے جاری منصوبوں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھوں کی بحالی، عوامی سہولتوں کی بہتری، مناسب سائن ایج اور خوبصورت شہری ماحول کی فراہمی نہ صرف مقامی آبادی کے لیے فائدہ مند ہوگی بلکہ سیاحت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔اس موقع پر انہوں نے بازار میں موجود دکانداروں اور شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل، تجاویز اور آرا سنی۔

شہریوں نے بازار کی بہتری کے لیے ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید سہولیات کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا، جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر مری نے جاری ترقیاتی اور بیوٹیفکیشن منصوبوں کی رفتار اور معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی فلاح و بہبود، شہری سہولیات کی فراہمی اور مری کے سیاحتی حسن کو مزید اجاگر کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی خدمت کے منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو ایک صاف، محفوظ، منظم اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مری کے تمام اہم تجارتی اور سیاحتی مراکز کی بہتری، خوبصورتی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ترقی کے لیے ضلعی انتظامیہ اپنی کاوشیں جاری رکھے گی تاکہ مری کی خوبصورتی اور سیاحتی اہمیت میں مزید اضافہ ہو سکے۔