کالعدم جائنٹ ایکشن کمیٹی کےباغ سے تعلق رکھنے والے کور ممبر افتخار محمود کا لاتعلقی کا اعلان

کالعدم جائنٹ ایکشن کمیٹی کےباغ سے تعلق رکھنے والے کور ممبر افتخار محمود کا لاتعلقی کا اعلان

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):کالعدم جائنٹ ایکشن کمیٹی کوایک اوربڑا جھٹکا لگا ہے،باغ سے تعلق رکھنے والے کور ممبر افتخار محمود نے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بیرونی ایماء پر آزاد جموں و کشمیر میں افراتفری اور قتل وغارت پھیلانے والی انتشاری کمیٹی سے اپنے ارکان بھی لاتعلقی کا اعلان کررہے ہیں۔ کور ممبر افتخار محمود نے ویڈیو پیغام میں کالعدم کمیٹی کے انتشار کو مسترد کر کے نوجوانوں کو مثبت سیاست کی جانب واپس آنے کی اپیل کی ہے۔

باغ سے تعلق رکھنے والے کالعدم ایکشن کمیٹی کے کور ممبر افتخار محمود نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بطور کور ممبر کالعدم ایکشن کمیٹی و چیئرمین آل آزاد کشمیرانجمن تاجران انتشاری کمیٹی کی سرگرمیوں سے شدید اختلاف کرتا ہوں۔ افتخار محمود نے کہا کہ ریاست مخالف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث کالعدم ایکشن کمیٹی سے مکمل لاتعلقی اور بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہوں، ہماری پرامن تحریک کا رخ موڑ کر اسے پاکستان اور کشمیر کے لازوال رشتے کو نقصان پہنچانے کیلئے استعمال کیاگیا ہے، انتشاری کمیٹی کے کچھ لوگ کالعدم ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم کو پاکستان کے خلاف زہرالگنے کیلئےاستعمال کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے ہمدردانہ اپیل ہے کہ وہ اپنے مستقبل کو ایسے پاکستان مخالف سرگرمیوں کی بھینٹ نہ چڑھائیں ، ریاست پاکستان کے خلاف اٹھنے والی کسی بھی آواز ،سرگرمی یا پھرعلیحدگی پسند تنظیم سے نہ ہمارا کوئی تعلق تھا اور نہ ہے ۔ کورممبر افتخار محمود سے قبل کورممبرانجم زمان اور امجد علی خان ایڈووکیٹ بھی کالعدم ایکشن کمیٹی سے اظہار لاتعلقی کر چکےہیں ۔

ماہرین کے مطابق کالعدم کمیٹی کےکورممبر افتخار محمود کی طرف سے دیئے جانے والے پیغام سے شرپسند ٹولے کا انتشاری ایجنڈا کھل کر سامنے آگیا ہے، کالعدم ایکشن کمیٹی کے ممبران کی علیحدگی سے واضح ہوتا ہے کہ آزاد کشمیر کےعوام اس انتشاری کمیٹی کے مذموم مقاصد کو خود ناکام بنا رہے ہیں ۔