سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ٹور ڈی سوئس سائیکلنگ ریس میں مردوں کے مقابلے میں ورلڈ چیمپئن تاڈیج پوگاچر اور خواتین کے مقابلے میں مارلن روسر نے فائنل سٹیج جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیے ہیں۔
ٹور ڈی سوئس سائیکلنگ ریس، تاڈیج پوگاچر اور مارلن روسر نے فائنل سٹیج جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیے
برن۔22جون (اے پی پی):سوئٹزرلینڈ میں منعقدہ ٹور ڈی سوئس سائیکلنگ ریس میں مردوں کے مقابلے میں ورلڈ چیمپئن تاڈیج پوگاچر اور خواتین کے مقابلے میں مارلن روسر نے فائنل سٹیج جیت کر ٹائٹل اپنے نام کر لیے ہیں۔ بی بی سی کے مطابق مردوں کے مقابلے میں سلووینیا سے تعلق رکھنے والے 27 سالہ تاڈیج پوگاچر پہلی بار اس ریس میں حصہ لے رہے تھے اور انہوں نے 151 کلومیٹر طویل پہاڑی ٹریک پر مشتمل آخری اور 5 ویں سٹیج میں فرانس کے لینی مارٹنیز کو لائن سے محض 800 میٹر پہلے پیچھے چھوڑتے ہوئے 4 گھنٹے 12 منٹ 24 سیکنڈز میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے ساتھ ہی انہوں نے رواں ہفتے کی اپنی تیسری سٹیج جیت کر مجموعی برتری برقرار رکھی اور ایکواڈور کے رچرڈ کاراپاز کو 6 منٹ 32 سیکنڈز کے فرق سے ہرا کر فائنل جنرل کلاسی فکیشن میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔
رواں سال صرف 16 دنوں کی ریسنگ میں تاڈیج پوگاچر کی یہ 13 ویں فتح ہے اور اب وہ آئندہ ماہ ریکارڈ پانچویں بار ٹور ڈی فرانس جیتنے کے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ دوسری جانب خواتین کے 100 کلومیٹر طویل پہاڑی مقابلے میں سوئٹزرلینڈ کی 34 سالہ مارلن روسر نے مسلسل دوسرے سال اور گزشتہ 4 سالوں میں تیسری بار ٹور ڈی سوئس کا ٹائٹل اپنے نام کیا، جنہوں نے ہفتہ کو انفرادی ٹائم ٹرائل جیت کر 10 سیکنڈز کی برتری حاصل کی تھی اور فائنل سٹیج میں بھی کٹرینا نیویادوما اور سیڈرین کربول کو آخری 800 میٹر میں پیچھے چھوڑتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی، جبکہ ان کی حریف اٹلی کی الیسا لونگو بورگھینی 10 منٹ تاخیر سے ریس ختم کرنے کے باعث مجموعی طور پر 9 ویں نمبر پر رہیں۔









