پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کے زیر اہتمام آٹھویں پی جی ایف جناح ڈویلپمنٹ ٹور 2026 اور پی جی ایف ہزارہ جونیئر امیچور گالف چیمپئن شپ 2026 پیفرز گالف اینڈ کنٹری کلب، ایبٹ آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔
پی جی ایف نیشنل گالف چیمپئن شپس، محمد ساحل، حمزہ وحید، لاریب الرحمن، جیشوا امجد اور سارہ امین خان نے ٹائٹلز اپنے نام کر لئے

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پاکستان گالف فیڈریشن (پی جی ایف) کے زیر اہتمام آٹھویں پی جی ایف جناح ڈویلپمنٹ ٹور 2026 اور پی جی ایف ہزارہ جونیئر امیچور گالف چیمپئن شپ 2026 پیفرز گالف اینڈ کنٹری کلب، ایبٹ آباد میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں۔ محمد ساحل، حمزہ وحید، لاریب الرحمن، جیشوا امجد اور سارہ امین خان اپنے اپنے مقابلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئے قومی چیمپئن بن کر ابھرے ہیں۔آٹھویں پی جی ایف جناح ڈویلپمنٹ ٹور (پروفیشنلز) کے 54 ہولز کے سخت مقابلے میں محمد ساحل نے 3 اوور پار (219) کے سکور کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ رالف ای اسلم راجہ اور وارث علی 4 اوور پار (220) کے ساتھ مشترکہ دوسرے، شہباز علی (221) چوتھے اور شہباز مسیح (223) پانچویں نمبر پر رہے۔ اس ٹورنامنٹ کی بڑی خاص بات یہ رہی کہ 5 امیچور کھلاڑیوں نے پروفیشنلز کے شانہ بشانہ بہترین کھیل پیش کر کے فائنل راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کیا، جو ملک میں گالف کے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی عکاسی کرتا ہے۔
پی جی ایف ہزارہ جونیئر امیچور گالف چیمپئن شپ کے بوائز مقابلوں کی کیٹیگری اے میں حمزہ وحید ایون پار (216) کے ساتھ چیمپئن بنے، جبکہ محمد بارق ایوب (222) رنر اپ اور مصطفیٰ آصف (228) تیسرے نمبر پر رہے۔ کیٹیگری بی میں لاریب الرحمن نے 9 انڈر پار (207) کا ناقابلِ یقین سکور بنا کر پہلی پوزیشن حاصل کی، ان کے بعد احمد مراد گھمن (209) رنر اپ اور مہاد خان (219) تیسرے نمبر پر رہے۔ گالف مقابلوں کی کیٹیگری سی میں جیشوا امجد 2 اوور پار (218) کے ساتھ فاتح رہے، جبکہ مصطفیٰ زبیر اور محمد رضا اللہ وحید 222 کے یکساں سکور کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آئے۔ گرلز کیٹیگری میں سارہ امین خان 4 اوور پار (220) کے ساتھ چیمپئن بنیں، جبکہ جسیہ تصور حسین (241) رنر اپ اور آمنہ ملک (270) سیکنڈ رنر اپ رہیں۔
چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پیفرز سینٹر بریگیڈیئر عدنان اورکزئی، تھے، جنہوں نے پوزیشن ہولڈرز میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور پاکستان گالف فیڈریشن کے پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام کو لائقِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے ٹورنامنٹ کے کامیاب اور شفاف انعقاد پر پی جی ایف کے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ملک کامران کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر ملک کامران نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے جونیئر گالفرز کے لیے ایج ویریفکیشن (عمر کی پڑتال) کا جدید ترین نظام نافذ کیا گیا تاکہ مقابلوں میں مکمل شفافیت برقرار رہے۔








