اسلامی یونیورسٹی میں سمر کیمپ کے دوران شجرکاری مہم، بچوں میں ماحولیاتی شعور اجاگر کرنے پر زور
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے بزنس انکیوبیشن سینٹر میں شجرکاری مہم کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (آئی آئی یو آئی) کے بزنس انکیوبیشن سینٹر میں وز نالج کے زیر اہتمام سٹریٹجک اینڈ کریئیٹو سمر کیمپ کے دوران شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد بچوں میں ماحولیاتی آگاہی کو فروغ دینا اور انہیں سرسبز و صحت مند ماحول کے قیام میں اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا تھا۔
شجرکاری مہم کے دوران سمر کیمپ کے شرکا نے بھرپور جوش و خروش کے ساتھ پودے لگائے اور درختوں کی ماحولیاتی تحفظ، آلودگی میں کمی اور قدرتی توازن برقرار رکھنے میں اہمیت کے بارے میں آگاہی حاصل کی۔ اس موقع پر بچوں میں فطرت دوستی، صفائی ستھرائی اور پائیدار طرز زندگی کے حوالے سے ذمہ داری کا احساس اجاگر کرنے پر بھی زور دیا گیا۔ تقریب میں طلبہ، اساتذہ اور رضاکاروں نے فعال شرکت کی جس سے یہ شجرکاری مہم ایک مشترکہ تعلیمی اور عملی تجربہ بن گئی۔ منتظمین نے بچوں کے جذبے اور دلچسپی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست سرگرمیوں میں نئی نسل کی شمولیت ماحولیاتی تحفظ کے اہداف کے حصول کے لیے نہایت اہم ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر نشویٰ، ڈاکٹر فرید بروہی اور الطاف اللہ براکی نے اپنی باغبانی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی اور بچوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے درختوں کی اہمیت اور ماحولیاتی تحفظ میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ شجرکاری مہم کے اختتام پر شرکاء نے ماحول دوست سرگرمیوں کو جاری رکھنے اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ منتظمین کے مطابق یہ اقدام بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے کمیونٹی انگیجمنٹ، ماحولیاتی ذمہ داری اور آگاہی پر مبنی سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا مظہر ہے جو تعمیری تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے یونیورسٹی کے وژن سے ہم آہنگ ہے۔








