افغان طالبان رجیم کا جھوٹ ایک بار پھر بےنقاب

افغان طالبان رجیم کا جھوٹ ایک بار پھر بےنقاب ہوگیا۔کابل میں فتنہ الخوارج کی وی آئی پی میزبانی کے ثبوت منظرِ عام پر آگئے۔

کابل۔22جون (اے پی پی):افغان طالبان رجیم کا جھوٹ ایک بار پھر بےنقاب ہوگیا۔کابل میں فتنہ الخوارج کی وی آئی پی میزبانی کے ثبوت منظرِ عام پر آگئے۔تفصیلات کے مطابق افغان طالبان رجیم کادہشتگرد گروہوں کو محفوظ پناہ گاہیں مہیا کرنے کا پاکستان کا اصولی مؤقف ایک بار پھر سچ ثابت ہوگیا ہے۔کابل کے معروف فائیواسٹار ہوٹل میں حافظ گل بہادر گروپ کےدہشت گردوں کےعیش وعشرت کی تصاویر سوشل میڈیا پروائرل ہوگئیں۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل تصاویر کابل کے پرتعیش فائیو اسٹار انٹرکانٹی نینٹل ہوٹل میں حافظ گل بہادر گروپ کے دہشت گردوں کے قیام کی ہیں۔افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق تصاویر میں خوارج کمانڈروں کو سوئمنگ پول کے کنارے انتہائی خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے۔

افغان ذرائع ابلاغ کے مطابق کابل کے فائیو اسٹار ہوٹل میں خوارج کیلئے ناچ گانے، منشیات اور شاہانہ ضیافتوں کے اہتمام کے انکشافات سامنے آئے ہیں۔وائرل تصاویر میں فتنہ الخوارج کے اہم رہنما صدر حیات عرف ابو سفیان اور کمانڈر جلالی موجودہیں۔رہبر وزیرستانی، کمانڈر غازی اور دیگر خوارج کی بھی فائیو اسٹار ہوٹل میں موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق انٹرکانٹی نینٹل جیسے ہائی سکیورٹی ہوٹل میں فتنہ الخوارج کےدہشت گردوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کو افغان رجیم کی مکمل پشت پناہی حاصل ہے۔کابل میں دہشت گردوں کی شاہانہ طرزِ زندگی ثابت کرتی ہے کہ افغانستان اب عالمی اور علاقائی دہشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے۔بین الاقوامی امور کے ماہرین کے مطابق اگر افغان رجیم اپنی سرزمین پڑوسیوں کیخلاف استعمال ہونے سے نہ روکے، تو عالمی قوانین پاکستان کو یکطرفہ دفاع کا قانونی حق دیتے ہیں۔