پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائی، جعلی دودھ تیار کرنے والاگروہ گرفتار

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے علاقے گوال منڈی میںکارروائی کرتے ہوئے تقریبا 50 لاکھ روپے مالیت کا جعلی دودھ، گاڑھا محلول اور دودھ تیار کرنے میں استعمال ہونے والی مشینری برآمد کر لی۔

لاہور۔22جون (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے علاقے گوال منڈی میںکارروائی کرتے ہوئے تقریبا 50 لاکھ روپے مالیت کا جعلی دودھ، گاڑھا محلول اور دودھ تیار کرنے میں استعمال ہونے والی مشینری برآمد کر لی۔ کارروائی کے دوران جعلی دودھ تیار کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ بھی درج کروا دیا گیا ہے ۔ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسی رضا نے ڈیری سیفٹی ٹیم کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر جعلی دودھ تیار کرنے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران 1500 لیٹر گاڑھا محلول اور تقریبا 10 ہزار لیٹر تیار جعلی دودھ تلف کر دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق چھاپے میں 11 گھی کے ٹین، مکسنگ مشین، 6 ڈرم، 10 بیگ پاوڈر، 2 چلرز، 2 فریزرز، 2 وزن کانٹے، ایک گیس سلنڈر اور چولہا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ملزمان رہائشی علاقے میں واقع ایک گھر میں خفیہ طور پر جعلی دودھ تیار کرتے تھے اور رات کے اوقات میں دودھ بنا کر علی الصبح مختلف دکانوں پر سپلائی کیا جاتا تھا۔ کارروائی کے دوران پاوڈر، کیمیکلز، ناقص گھی اور جعلی گاڑھا محلول بھی برآمد کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ملزمان پاوڈر، پانی اور گھی کی مدد سے مصنوعی دودھ تیار کر کے صارفین کو دھوکہ دے رہے تھے۔ موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں دودھ کے نمونے فیل ہونے پر تمام جعلی دودھ تلف کر دیا گیا۔سید موسی رضا نے بتایا کہ ویجیلنس ٹیم کی طویل ریکی اور نگرانی کے بعد یہ کارروائی عمل میں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی خالص دودھ کی فراہمی کے لیے بین الاقوامی معیار کی پالیسی متعارف کرا رہی ہے جبکہ خوراک میں ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائیاں جاری رہیں گی۔