محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا ،وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا

کوئٹہ۔ 22 جون (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس پیر کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی سمیت دیگر انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا ۔اجلاس کو محکمہ داخلہ کی جانب سے محرم الحرام کے دوران قیام امن کے لیے کیے گئے انتظامات اور سکیورٹی پلان پر جامع بریفنگ دی گئی ،جس میں بتایا گیا کہ 9 اور 10 محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کو یقینی بنانے کے لیے ایمرجنسی رسپانس پلان تیار کر لیا گیا ہے جبکہ متعلقہ سکیورٹی آرڈرز بھی جاری کر دیے گئے ہیں ، صوبے کے 11 اضلاع کو انتہائی حساس جبکہ 6 اضلاع کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کا قیام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے، موثر ہم آہنگی اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض انجام دیتے ہوئے سکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لیے پیشگی اقدامات، موثر نگرانی اور فوری ردعمل کے نظام کو فعال رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران باہمی ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے تمام مکاتب فکر کے علماء، مشائخ اور اکابرین کا کردار نہایت اہم ہے اور ان کا تعاون قابل قدر ہے ۔میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ امن خراب کرنے، اشتعال انگیزی پھیلانے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوام کو پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور سکیورٹی انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو، وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، اسپیشل سیکرٹری داخلہ عبدالسلام اچکزئی، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی اعتزاز حسین گورایہ سمیت متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔