مشیر زراعت خیبرپختونخوانے نئے بھرتی ہونے والے افسران میں تقررنامے تقسیم کیے

مشیر زراعت خیبرپختونخوا کی نئے بھرتی افسران میں تقررناموں کی تقسیم

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):مشیر زراعت خیبرپختونخوا میاں محمد عمر نے پیر کے روز نئے بھرتی ہونے والے افسران میں تقررنامے تقسیم کیے۔

محکمہ زراعت خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق مشیرمیاں محمد عمر نے محکمہ زراعت کے آن فارم واٹر مینجمنٹ ونگ، کراپ رپورٹنگ ونگ میں نئے بھرتی ہونے والے افسران میں تقررنامے تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرٹ، دیانتداری اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت صوبے کے زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ تقریب کے دوران مشیر زراعت نے خیبرپختونخوا پبلک سروس کمیشن کے ذریعے نئے بھرتی ہونے والے افسران میں تقررنامے تقسیم کیے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت ڈاکٹر محمد بختیار خان، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت دل نواز خان، ڈائریکٹر جنرل آن فارم واٹر مینجمنٹ حیات خان، ڈائریکٹر جنرل کراپ رپورٹنگ الطاف شاہ سمیت محکمہ زراعت کے حکام بھی موجود تھے۔نئے تعینات ہونے والے افسران میں 25 اسسٹنٹ ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ، واٹر مینجمنٹ آفیسر اور 18 شماریاتی افسران شامل ہیں، جن کی تقرری سے محکمہ زراعت اور واٹر مینجمنٹ کے شعبوں کی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔میاں محمد عمر نے اس موقع پر افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نئی ذمہ داریاں دیانتداری، محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دیں اور کسانوں کی خدمت کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے زرعی شعبے کی ترقی اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگی کے لیے نوجوان اور باصلاحیت افسران کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئے افسران اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ کی کارکردگی میں بہتری اور کسانوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کریں گے۔