سرائے نورنگ شہر کے نئے مغربی بائی پاس روڈ کی تعمیر کیلئے 40 کروڑ کی منظوری

سرائے نورنگ میں مغربی بائی پاس روڈ منصوبہ رواں مالی سال 2026-27 میں منظور

پشاور۔ 22 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید خان مروت کی خصوصی دلچسپی سے سرائے نورنگ شہر کے مغربی بائی پاس روڈ منصوبہ رواں مالی سال ( 2026/27) میں منظور ہوا۔

محکمہ داخلہ خیبرپختونخوا تر جمان کے مطابق یہ اہم منصوبہ مہر دل کلے ککی روڈ سے مین بنوں ڈی آئی خان روڈ (شوگر مل) تک تعمیر ہوگا۔جس پر 40 کروڑ روپے تک لاگت آئے گی۔ معاون خصوصی طارق سعید مروت نے کہا ہے کہ اس بائی پاس روڈ کی تعمیر سے ککی روڈ پر ٹریفک کا دباؤ اور سفری مشکلات بہت حد تک کم ہوکر آمدورفت کی سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔اسی طرح اس منصوبے سےعلاقے کی معاشی، تجارتی اور سماجی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔ مقامی سیاسی و سماجی نمائندوں نے معاون خصوصی طارق سعید مروت کی عوامی مسائل کے حل اور علاقائی ترقی کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔ اس کے علاؤہ معاون خصوصی برائے داخلہ و قبائلی امور طارق سعید خان مروت کی خصوصی دلچسپی سے02 ارب 50 کروڑ روپے کی خطیر رقم کی تخمینہ لاگت سے کچکوٹ کنال کی صفائی، کنکریٹ پختگی اور کنال روڈ کی اپ گریڈیشن کا عظیم منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP 2026/27) میں شامل کرلیا گیا۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پورے ضلع لکی مروت بالخصوص تحصیل سرائے نورنگ کیلئے ایک تاریخی حیثیت حاصل جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کنال کی صفائی، پختگی اور جدید خطوط پر اپ گریڈیشن سے نہ صرف آبپاشی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی بلکہ کسانوں کو پانی کی فراہمی میں آسانی، زرعی پیداوار میں اضافہ ہوکر خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی دعاؤں سے یہ منصوبہ جلد PDWP سے منظوری حاصل کرکے عملی مرحلے میں داخل ہوگا اور ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔