تھانہ جھال چکیاں پولیس کی کارروائی،نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ گرفتار

تھانہ جھال چکیاں پولیس نے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا

سرگودھا۔ 22 جون (اے پی پی):تھانہ جھال چکیاں پولیس نے نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث تین رکنی گینگ کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کا مال مسروقہ برآمد کر لیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سرگودھا محمد صہیب اشرف کی خصوصی ہدایات پر ڈی ایس پی صدر فضل قادر کی سربراہی میں ایس ایچ اوتھانہ جھال چکیاں انسپکٹر ذیشان اقبال نے ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے چوری نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث 3 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔

گرفتار ملزمان پرویز، اعجاز اور دل نواز کے قبضے سے 21 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ بھی برآمد کر لیا جن میں نقدی، موبائل فون، ایل سی ڈی، کمپیوٹر اور دیگر قیمتی سامان شامل ہیں، برآمدہ مال مسروقہ بعد از قانونی کارروائی اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا، شہریوں نے پولیس کی اس کامیاب کارروائی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا ہے اس موقع پر ڈی پی او سرگودھا کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔